سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں۴منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پوسٹ پلہالن کی ایک ٹیم نے ایس ڈی پی او پٹن کی نگرانی میں پلہالن پٹن میں ایک ناکہ چیکنگ کے دوران چار افراد کو روکا جو ایک سوفٹ گاڑی میں سرینگر کی طرف جا رہے تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۲۶۵گرام ہیرائن جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔
بیان میں منشیات فروشوں کی شناخت عاشق الٰہی پرے ولد عبدالرزاق پرے ساکن لاوے پورہ ایچ ایم ٹی سری نگر، محمد آصف بٹ ولد غلام احمد، بلال احمد بٹ ولد گلزار احمد ساکنان نور باغ ملورہ سری نگر اور الطاف احمد میر ولد غلام محمد ساکن ملہ پورہ وار پورہ سوپور کے بطور کی گئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے گاڑی کو بھی ضبط کیا ہے ۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
بتادیں کہ بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے۱۰مہینوں کے دوران۲۴۲مقدمے درج کرکے۴۲۵ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے ۔