سرینگر//
پی ڈی پی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے بارہمولہ کے جاں بحق پولیس اہلکار کی بچی کو سول انتظامیہ میں نوکری فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔
محبوبہ نے جاں بحق پولیس ہیڈ کونسٹیبل کو ایک ایماندار شخص قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے گھر کی۸خواتین کا واحد کفیل تھا۔
سابق وزیر اعلیٰ ہفتے کے روز بارہمولہ کے وائیلو کرال پورہ میں واقع مقتول ہیڈ کانسٹیبل غلام محمد ڈار کے گھر پر پہنچیں جہاں انہوں نے پسماندگان سے تعزیت کی۔
ڈار کو۳۱؍اکتوبر کو گولیاں مار دی گئی تھیں جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی تھی۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا’’میری لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے گذارش ہے کہ وہ ایس آر او۴۳کے کیس میں جلدی کریں اور مہلوک پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی بچی کو سول انتظامیہ میں نوکری فراہم کریں‘‘۔
محبوبہ نے کہا کہ اس واقعے کی ہم صرف مذمت ہی کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا’’یہ بہت ہی ایماندار شخص تھا اور گھر کی ۸عورتوں کا واھد کفیل تھا‘‘۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’افسوس کی بات ہے کہ سابق پولیس سربراہ نے کہا کہ یہاں کولیٹرل نقصان نہیں ہو رہا ہے کیا یہ کولیٹرل نقصان نہیں ہے ۔‘‘