نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے ہفتہ کے روز کہا کہ سنسکرت زبان اور ثقافت 135 کروڑ ہندوستانیوں کو ایک دھاگے میں پیرونے والی انوکھی طاقت ہے اور بی جے پی کی قیادت والی حکومت اس کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم ہے۔
مسٹر نڈا نے یہاں امبیڈکر انٹرنیشنل سنٹر میں کیندریہ سنسکرت وشو ودیالیہ کے زیراہتمام منعقد اتکرش مہوتسو کا افتتاح کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔’اتکرش مہوتسو’ کا اہتمام تین سنسکرت یونیورسٹیوں کیندریہ سنسکرت یونیورسٹی (نئی دہلی)، لال بہادر شاستری راشٹریہ سنسکرت وشو ودیالیہ (نئی دہلی) اور راشٹریہ سنسکرت وشو ودیالیہ (تروپتی) نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ اتکرش مہوتسو کا بنیادی مقصد سنسکرت زبان کو فروغ دینا اوراس کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جس کا موضوع ‘نئے تعلیمی دور میں سنسکرت کے مطالعے کا عالمی رجحان’ ہے۔
پروگرام میں سینٹرل سنسکرت یونیورسٹی (نئی دہلی) کے وائس چانسلرپروفیسر سرینواس ورکھیڈی، نالندہ یونیورسٹی (نالندہ) کے چانسلر ڈاکٹر وجے بھاٹکر، نیشنل سنسکرت یونیورسٹی (تروپتی) کے وائس چانسلر پروفیسر۔ رادھاکانت ٹھاکر، لال بہادر شاستری نیشنل سنسکرت یونیورسٹی (نئی دہلی) کے وائس چانسلر پروفیسر مرلی منوہر پاٹھک، اکنامک ایڈوائزری کونسل کے چیئرمین بیبیک ڈیبرائے اور راشٹریہ سنسکرت وشو ودیالیہ (تروپتی) کے رجسٹرار چلاوینکٹیشور بھی موجود تھے۔