ممبئی//ہندوستان میں جاری یک روزہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے لطف اندوز ہونے والےنزظرین اور شائقین کی تعداد 40 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ 40 کروڑ سے زیادہ ناظرین نے ورلڈ کپ کے پہلے 26 میچز میدان میں یا ٹی وی اور موبائل فون پر دیکھے ہیں۔ ناظرین کی خصوصی توجہ کی وجہ سے 2019 کے ورلڈ کپ کے مقابلے دیکھنے کے کل وقت (182 بلین منٹ) میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ویراٹ کوہلی کی 95 رنز کی میچ وننگ اننگز دیکھنے کے لیے 80 ملین سے زیادہ ناظرین ٹی وی پر موجود تھے۔ یہ اس ورلڈ کپ کو دیکھنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد بھارت بمقابلہ پاکستان میچ کو 75.5 ملین ناظرین نے دیکھا۔
ہندوستان میں شائقین کا زبردست ردعمل آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی بے پناہ مقبولیت اور میدان میں ویراٹ کوہلی کی غیر معمولی کامیابیوں کے ارد گرد بے مثال جوش و خروش کو نمایاں کرتا ہے۔ سچن کا ریکارڈ توڑنے کے لیے کنگ کوہلی کی 49ویں اور 50ویں ون ڈے سنچری کا بے صبری سے انتظار کرنے والے شائقین کا جوش مزید بڑھنے والا ہے۔