سرینگر//
انتظامیہ نے جمعرات کو شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں رازدان چوٹی پر تازہ برف باری کے بعد بانڈی پورہ،گریز سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
حکام نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ رازدان کی چوٹی پر برف جمع ہو گئی، جو کہ گریز اور وادی کشمیر کے درمیان واحد روڈ لنک ہے، پھسلن کی وجہ سے بند ہو گیا۔
عہدیداروں نے یہ بھی کہا کہ وادی گریز کے میدانی علاقوں میں بعض علاقوں میں بارش ہوئی۔
حکام کے مطابق موسمی حالات میں بہتری آنے تک ٹریفک کی پابندیاں برقرار رہیں گی۔
ادھر سرینگر اور وادی کے کچھ دوسرے میدانی علاقوں میںمیں بعد از سہ پہر بارشیں اور ژالہ باری ہو ئی ۔ بارشوں کا سلسلہ کے گھنٹوں تک جاری رہا جس سے درجہ حرارت میں کمی آگئی ۔
اس دوران محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں۱۰نومبر تک موسم وسیع پیمانے پر ناساز ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں جمعرات کی شام پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۳سے۶نومبر تک موم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں۷؍اور۸نومبر کو موسم بر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۹؍اور۱۰نومبر کو بھی موسم ابر آلود ہی رہ سکتا ہے اور اس دوران کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۱۰نومبر تک بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۹ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت ۸ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۸ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا ساز گار موسمی حالات کے بیچ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جورنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سرینگر، لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک بغیر کسی خلل کے رواں دواں ہے ۔