سرینگر/۱۲مارچ(ندائے مشرق خبر)جنگجوؤں کے ہاتھوں ایک سرپنچ کی ہلاکت کے ایک دن بعد کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کا دورہ کرکے وہاں سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔بتادیں کہ کولگام کے آوڈو علاقے میں جمعے کی شب مشتبہ جنگجوؤں نے شبیر احمد میر نامی ایک سر پنچ کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے ہفتے کے روز ضلع کولگام کا دورہ کرکے موجودہ سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی سی آر پی ایف اننت ناگ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ موصوف آئی جی پی نے ضلع مجسٹریٹ کولگام، ایس ایس پی کولگام، ضلع میں تعینات سی آر پی ایف کے سی اوز اور دوسرے اعلیٰ پولیس افسروں کے ساتھ بات چیت کی۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ میٹنگ میں پنچایتی راج اداروں اور پروٹیکٹڈ پرسنز کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا۔