حیدرآباد//
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ۔
شاہ نے یہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی (ایس وی پی این پی اے ) میں انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے۷۵آر آر بیچ کے پروبیشن افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
شاہ نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی سے زیرو ٹالرنس حکمت عملی اور زیرو ٹالرنس کارروائی کی طرف جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر داخلہ نے کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی)، تعزیرات ہند (آئی پی سی) اور ایویڈینس ایکٹ سمیت پرانے برطانوی دور کے قوانین میں اصلاحات کیلئے حکومت کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تبدیلیوں کا مقصد لوگوں اور اہلکاروں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے ۔ شہریوں کو مناسب تحفظ فراہم کرنے کیلئے ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے ۔
شاہ نے کہا کہ مرکز نے ان تینوں بلوں کو پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے اور وزارت داخلہ کی پارلیمانی کمیٹی ان کا مطالعہ کر رہی ہے اور بہت جلد یہ قوانین پاس ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا’’ان قوانین کی بنیاد پر ایک نیا فوجداری انصاف کا نظام شروع ہو گا۔‘‘