جموں//
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر‘ سید محمد الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ جموںکشمیر حد بندی کمیشن نے لوگوں کے بجائے بی جے پی کو با اختیار بنا دیا ہے ۔
بخاری نے کہا کہ کشمیر میں بھی اور جموں صوبے میں بھی لوگوں کا مزاج بی جے پی کے خلاف ہے ۔ ان کا ماننا ہے کہ جموں کشمیر میں نئی جماعتوں کیلئے اچھی ہوا چل رہی ہے ۔
اپنی پارٹی کے صدرنے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’کشمیر میں بھی اور جموں صوبے میں بھی لوگوں کا مزاج بی جے پی، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی کے خلاف ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں نئی سیاسی جماعتوں کیلئے اچھی ہوا چل رہی ہے ۔
بخاری نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں آنے والا وقت نئے چہروں اور نئی جماعتوں کا ہے ۔حد بندی کمیشن کی حتمی رپورٹ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’کمیشن نے لوگوں کے بجائے بی جے پی کو با اختیار بنا دیا ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ راجوری کو اننت ناگ سے اور کرناہ کو کپوارہ سے جوڑا گیا ہے جو نا انصافی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر حد بندی کمیشن نے جمعرات کے روز اپنی حتمی رپورٹ جاری کی ہے ۔
کمیشن کی اس رپورٹ پر جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے ۔