جموں//
جموں صوبے میں سڑک کے دو الگ حادثات میں ۷ لوگ ہلاک ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق جموں میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ جموں سرینگر نیشنل ہائی وے پر پیش آیا۔
دراصل سرینگر سے راجستھان جا رہا ایک ٹرک کل رات جھجر کوٹلی علاقے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر چلتے وقت کھائی میں جا گرا۔ اس حادثے میں چار افراد کی موت ہو گئی۔ وہیں حادثے کے بعد ٹرک کے پرخچے اڑ گئے۔
یہ حادثہ ڈرائیور کے کنٹرول کھونے کی وجہ سے پیش آیا۔ بے قابو ہونے کے بعد یہ ٹرک پل کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا، اور پھر بلندی سے ایک گہری کھائی میں جا گرا۔ ذرائع کے مطابق ٹرک کے ڈرائیور اور کنڈکٹر دونوں کی موقعے پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچی جس کے بعد مزید دو لاشیں برآمد ہوئیں۔ لاشوں کو برآمد کرنے کے بعد قانونی لوازمات مکمل کرتے ہوئے پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے۔ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال متاثرین کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
اس دوران کشتواڑ ضلع میں جمعے کی سہ پہر ایک نجی گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق کشتواڑ کے کاندنی علاقے میں ایک آلٹو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا،تاہم ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دیا۔
متوفین کی شناخت مدن لال ساکن سرور، راکیش کمار ساکن بدانی اور دھیان سنگھ ساکن گندو کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔