حیدر آباد//
پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شاہین آفریدی سے کچھ خاص کرنے کی امید ہے اور فاسٹ بولر بھی کچھ خاص کر دکھانے کے لیے کوشاں ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، کوچ بریڈ برن، فاسٹ بولر حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے آئی سی سی کو انٹرویو دیا ہے۔
بابر اعظم نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی ابتدا میں جس طرح ان سوئنگ کرتے ہیں وہ بیٹرز کے لیے مشکل ہوتا ہے، ابتدا میں دو تین وکٹس مل جائیں تو حریف دباؤ میں آ جاتا ہے اور ایسی صورت حال ہمارے لیے مفید ہوتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ شاہین کی طاقت اس کا اعتماد ہے، اس کی انرجی اس کو مختلف لیول پر لے جاتی ہے جو ٹیم میں بھی جان ڈالتی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ شاہین آفریدی جس انداز میں میچیور ہوئے وہ مثالی ہے، اس کو اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے، بطور کوچ میرے لیے یہ مثبت پہلو ہے کہ وہ ہر بار پہلے سے بہتر کرنا چاہتا ہے۔