نئی دہلی//) چراغ شیٹی-ساتوک سائیراج رنکیریڈی بیڈمنٹن ڈبلز میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی جوڑی بن گئی ہے۔
حال ہی میں اس ہندوستانی جوڑی نے ایشیائی کھیلوں میں بیڈمنٹن مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا اور اس کے ساتھ ہی چراغ شیٹی-ساتوک سائیراج رینکیریڈی بی ڈبلیو ایف رینکنگ میں دو مقام اوپر پہنچ گئے ہیں۔
چراغ شیٹی-ساتوک سائیراج نے فائنل میں جمہوریہ کوریا کے کم وونہو۔چوئی سولگیو کو سیدھے گیمز میں شکست دے کر یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
اس سال کے شروع میں چراغ شیٹی- ساتوک سائیراج رینکیریڈی نے 2023 سوئس اوپن میں ایک ساتھ اپنا پہلا خطاب جیتا تھا۔ انہوں نے دبئی میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں بھی فائنل میں عوامی جمہوریہ چین کے رین جیانگیو اور ٹین کیانگ کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا تگا۔
جون میں چراغ اور ساتوک سائیراج نے 2023 انڈونیشیا اوپن جیت کر اپنا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ سپر 1000 ٹائٹل جیتا اور یہ ایونٹ جیتنے والی ہندوستان کی پہلی مردوں کی ڈبلز جوڑی بنی۔ اس کے بعد انہوں نے 2023 کورین اوپن اور 2023 ایشین گیمز میں جیت حاصل کرتے ہوئے رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کیا ۔
دریں اثنا، مردوں کے سنگلز زمرے میں ایچ ایس پرنئے اور لکشیا سین ایک ایک مقام گر کر موجودہ درجہ بندی میں بالترتیب آٹھویں اور 15ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔ کدامبی سری کانت ایک مقام آگے بڑھے ہیں اور درجہ بندی میں 20 ویں مقام پر ہیں۔
ایشین گیمز 2023 میں تمغہ سے محروم رہنے کے باوجود پی وی سندھو خواتین کے سنگلز میں دو مقام آگے بڑھ کر 13ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ سابق عالمی نمبر ایک اور اولمپک میڈلسٹ سائنا نہوال نے اپنی 54ویں رینکنگ برقرار رکھی ہے۔
خواتین کے ڈبلز میں ہندستان کی ٹاپ رینک والی جوڑی گایتری گوپی چند اور ترشا جولی ایک مقام کے اضافے سے 16 ویں نمبر پر آگئی ہیں، جب کہ مکسڈ ڈبلز کی جوڑی روہن کپور-سکی ریڈی نے اپنا 38 واں مقام برقرار رکھا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پرکاش پدوکون، سائنا نہوال اور کدامبی سری کانت کے بعد،چراغ-ساتوک سائیراج واحد ہندوستانی ہیں جو بی ڈبلیو ایف عالمی درجہ بندی میں سب سے اوپر پہنچے ہیں۔