سرینگر//
جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے آر پل علاقے میں جمعے کی صبح بھاری برکم ریچھ نے خاتون پر حملہ کرکے اس کو شدید طورپر زخمی کردیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ ترال کے آری پل گاوں میں جمعے کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ریچھ نے خاتون پر اچانک حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئی اور اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خاتون جس کی شناخت رحتی بیگم کے بطور ہوئی ہے ۔
مقامی لوگوں نے وائلڈ لائف حکام سے اپیل کی ہے کہ ریچھ کو جلد از جلد پکڑ کر وائلڈ لائف سنچری منتقل کیا جائے ۔
اس دوران جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ریچھ کے حملے میں شہری کی موت واقع ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق مشتاق احمد ولد دین بٹ ساکن فیگسو کل شام گھر کی طرف جا رہا تھا کہ اس دوران ریچھ نے بنڈوگہ نالہ کے مقام پر اس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی حالت میں کھائی میں جاگرا اور بعد ازاں اس کی موت واقع ہوئی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ گر چہ زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
ضلع ڈوڈہ میں جنگلی جانوروں کے حملوں میں پچھلے ایک ماہ کے دوران غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلی جانوروں نے لوگوں کی نیند حرام کی ہوئی ہے جبکہ آئے روز ریچھ اور تیندوے لوگوں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔