پونے//چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بدھ کے روز رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا کہ ہم نے بنگلور کو اچھے اسکور پر روکا لیکن ہمارے بلے بازوں نے مایوس کیا۔
دھونی نے میچ کے بعد کہا، ‘‘جب آپ 20 اوورز کی گیند بازی اور فیلڈنگ کرکے آئے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ پچ کیسی چل رہی ہے ۔ ہدف کا تعاقب کرنا بھی مائنڈ گیم اور حساب کتاب کا کھیل ہے جو ہمارے بلے باز نہیں کر سکے ۔ پچ بہت اچھی تھی اور بیٹنگ کے لیے بہتر ہوتی جارہی تھی۔ ہم اپنی خامیوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں نہ کہ پوائنٹس ٹیبل میں ہم کہاں ہیں۔
اس میچ میں آر سی بی کی ٹیم نے سی ایس کے کو 13 رنز سے شکست دی۔ آر سی بی نے 20 اوور میں 173 رنز بنائے تھے جبکہ چنئی کی ٹیم صرف 160 رنز بنا سکی۔ اس میچ میں آر سی بی کے لیے ہرشل پٹیل نے زبردست گیند بازی کی اور ٹیم کے لئے تین وکٹ لیے ۔