جموں//
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ’ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ گاندھی جی کی ان تھک کوششوں کی وجہ سے ہی ملک انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا ۔
پیر کو جموں میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کی اَن تھک کوششوں اور قربانیوں کی بدولت ہی ہندوستان انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ آنجہانی گاندھی جی ہمیشہ عدم تشدد کے حامی رہے اور تشدد کیخلاف رہے۔ ’’انہوں نے ذات پات، اونچ نیچ کیخلاف تحریک شروع کی اور ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بالادستی کے وکیل رہے‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گاندھی جی کے مشن کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ملک میں فرقہ پرستی کے بڑھتے ہوئے رجحان سے اقلیتوں اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والی آبادی عدم تحفظ کا شکار ہوگئی ہے جو ملک کی آزادی اور سالمیت کیلئے باعث تشویش ہے۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ملک کے بٹوارے کے وقت جب چہار سو خون کی ندیاں بہائی جارہی تھیں گاندھی جی کو اْس وقت بھی کشمیر میں بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی کرن نظر آئی۔
اس موقعے پر سابق وزیر اعظم ہند آنجہانی لال بہادر شاتری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس دوران مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پیر کو کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم مہاتما گاندھی کے دکھائے ہوئے راستے کے مخالف ہیں۔
عبداللہ نے سرینگر میں نامہ نگاروں کو بتایا’’اگر ہم گاندھی جی کے سکھائے گئے اصولوں پر عمل کریں گے تو یہ ملک بہتر ہوگا۔ کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم گاندھی جی کو تب ہی یاد کرتے ہیں جب ہم بیرون ملک جاتے ہیں یا جب غیر ملکی لیڈر ہمارے ملک آتے ہیں اور راج گھاٹ جاتے ہیں۔ لیکن باقی دنوں میں، ہم نہ صرف بھول جاتے ہیں بلکہ گاندھی جی کے دکھائے ہوئے راستے کے مخالف ہو جاتے ہیں‘‘۔