چلئے صاحب امسال کے سرما میں بجلی نہ ہونے کا ہمیں کوئی ملال ہی نہیں ہو نا چاہئے… اور بالکل بھی نہیں ہو نا چاہئے … اس لئے نہیں ہو نا چاہئے کہ انتظامیہ نے… ایل جی انتظامیہ نے ہمیں… ہم لوگوں کو پہلے سے ہی… سرما سے پہلے سے ہی اندھیروں میں رہنے کی اچھی خاصی تربیت دی ہے ۔ کیا ہو تا تھا کہ گرما کے بعد بجلی اچانک سے نو دو گیا رہ ہو جاتی تھی… اور اس کے ساتھ ہی لوگوں کا سکھ اور چین بھی … لیکن اب کی بار ایسا نہیں ہو گا… بالکل بھی نہیں ہو گا… اب کی بار کوئی نہیں کہے گا کہ بجلی اچانک سے چلی جاتی ہے اور… اور پھر واپس آنے کا نام نہیں لیتی ہے… اب کے سرما کے کوئی یہ شکایت نہیں کرے گا…اور اس لئے نہیں کرے گا کہ امسال گرما میں بھی بجلی چلی جاتی تھی اور اب جبکہ ہم سر ما کی جانب بڑھ رہے ہیں اور… اور تیزی سے بڑھ رہے ہیں تو… تو پہلے ہی ایک ہزار میگاواٹ بجلی کم پڑ رہی ہے… اس لئے ابھی سے دن میں تین بار کٹوتی ہو تی ہے… صبح ‘ شام اور دن میں بھی… اس کے علاوہ بجلی کا جوآنکھ مچولی کا جو روایتی کھیل ہے…وہ الگ سے جاری ہے… بجلی کا جو حال بے حال ہے اور… اورابھی سے ہے ہمیں یقین ہے کہ سرما میں اس سے ہمارا حال بے حال ہو نے والا ہے … اور اس لئے بھی ہے کہ مقامی پیدا وار کم ہو گئی ہے اور… اور شمالی گرڈ سے بجلی درآمد نہیں کر سکتے ہیں کہ… کہ وہ مہنگی پڑ رہی ہے… اوپر سے بجلی پر آنے والا خرچہ اور بجلی فیس کی صورت میں ہو رہی آمدنی میں سالانہ تین چار ہزار روپے کا تفاوت رہتا ہی رہتا ہے… اور اس لئے صاحب اب کے موم بتی پر ہی گزارا کرنا پڑے گا … انہیں بھی جو علاقے سمارٹ میٹروں سے پاک و صاف ہے اور … اور انہیں بھی جہاں سمارٹ میٹر ایک سال سے لگے ہیں…اس صف میں ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہیں… کوئی امتیاز ‘ کوئی سوتیلی ماں کا سلوک نہیں … لیکن فکر نہیں… بالکل بھی نہیں کہ … کہ ہم تیار ہیں… پہلے سے ہی تیار ہیں کیوں اب کی بار ہماری پہلے سے ہی تربیت دی گئی ہے… اور اللہ میاں کی قسم سے تربیت بھی ایسی کہ… کہ ہم گھنٹوں کیا دنوں بجلی کے بغیر رہ سکتے ہیں اور… اور اُف بھی نہیں کریں گے… بالکل بھی نہیں کریں گے ۔ ہے نا؟