سرینگر//
برصغیر کے بیشتر حصوں کیساتھ ساتھ وادی کشمیرمیں بھی کل عیدالفطر کی تقریب سعید روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی ہے۔
دو برسوں تک کووڈبحران کی وجہ سے اجتماعی عبادات پر پابند ی کے بعد منگل کو وادی کی تمام مسجدوں، خانقاہوں، عید گاہوں اورزیارت گاہوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں۔
کشمیرمیں نماز عید کاسب سے بڑا اجتماع آثار شریف درگاہ حضرتبل سری نگرمیں منعقد ہوگا ،جہاں نماز عیدالفطر صبح ساڈھے دس بجے اداکی جائے گی ۔وادی کے اطراف و اکناف میں مساجد کمیٹیوں ،خانقاہوں کے منتظمین نے نماز عید کے لئے الگ الگ اوقات بھی مشتہر کئے ہیں ۔جہاں صبح ساڈھے چھ سے ساڑے دس بجے کا کے وقت کے اندر نماز عید ادا کئے ہیں ۔
اتوار کی شام دیرگئے یہ اعلان کیا گیاکہ شوال کاچاندنظر نہیں آ یا،اس لئے اب عیدالفطرکی تقریب سعیدبھارت اورپاکستان سمیت جنوب ایشیائی خطے کے دیگرممالک میں منگل وارکومنائی جائے گی۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے آج عید الفطر کے بابرکت دِن کیلئے آخری اِنتظامات کا جائزہ لینے کی خاطر درگاہ حضرت بل اور زیارت حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحب ؒ کا دورہ کیا۔
پرنسپل سیکرٹری نے موقعہ پر ہی جائزہ لیا اور درگاہ حضرت بل اور زیارت حضرت شیخ حمزہ ؒ کے اطراف میں صفائی ستھرائی ، بلا تعطل پانی اور بجلی کی سہولیات اور دیگر سول کاموں سے متعلق محکموں کی طرف سے فراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
کمارکو ان مقامات پر عقیدت مندوں کے لئے حفاظتی اِنتظامات ، بجلی ، پانی کی فراہمی ، صفائی ، فائر سروسز ، ٹرانسپورٹ اور طبی امداد کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔
پرنسپل سیکرٹری نے درگاہ حضرت بل میں اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہ کے اندر اور اس کے ارد گرد مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے الگ اِنتظام زیادہ سے زیادہ کھلی جگہ کو ڈھانپنے کے لئے خیموں کا ضروری اِنتظام کیا جائے ۔ اِس کے علاوہ کھلے راستوں پر مناسب چٹائی بھی لگائی جائے تاکہ عقیدت مندو ں کو نماز ادا کرنے کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
کمار کو جانکاری دی گئی کہ حضرت بل کے زیارت گاہ میں۳؍ایمبولنس بشمول ایک کریٹیکل کیئر ایمبولنس ، ضروری ادویات، میڈیکل ٹیم اور فسٹ ایڈ بکس محکمہ صحت کی جانب سے تعینات کیا جائے گا۔
اِسی طرح پی ایچ ای نے ۲پانی ٹینکر رکھے ہیں اور حضرت بل میں موجودہ ۱۵۰ پوائنٹس کے علاوہ۵۰؍ اِضافی نلکے بھی لگائے ہیں جبکہ دیگر اہم زیارت گاہ پر بھی واٹر ٹینکرس تعینات کئے گئے ہیں۔
صفائی ستھرائی کے سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری کو بتایا گیا کہ ایس ایم سی کی طرف سے شہر کے حضرت بل اور دیگر زیارت گاہ پر صفائی ستھرائی کے مناسب اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے کافی عملہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ موبائل بیت الخلاء وین بھی ایس ایم سی کی طرف سے رکھی گئی ہیں ۔ اِس کے علاوہ ڈاگ کیچنگ سکارڈ بھی تعینات کیا گیا ہے۔
اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے ایس ایم سی حکام کو ہدایت دی کہ وہ حضرت بل زیارت گاہ کے احاطے سے ملبہ اور کیچڑ کو ہٹانے کے عمل کو تیز کریں ۔اُنہوں نے اِجتماعی نماز کے مقامات کی طرف جانے والی گلیوں اور بائی لین کی صفائی پر بھی زور دیا۔
پرنسپل سیکرٹری نے افسروں پر زور دیا کہ ان مقامات پر بڑے اجتماعات کی توقع ہے اور یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ عقیدت مندوں کے لئے مناسب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے عقیدت مندوں کے لئے پارکنگ اور ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔