نئی دہلی// روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے سڑکوں کی تعمیر میں شہروں اور میٹرو کے کچرے کو استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور اس میں شہری کچڑا استعمال کیا جائے گا۔
مسٹر گڈکری نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کاسال 2070 تک ملک کو کاربن نیوٹرل بنانے کا خواب ہے اور ان کے ویژن کو حاصل کرنے کے لیے سڑک کی تعمیر کے شعبے میں سبز سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو صاف اور کوڑا کرکٹ سے پاک بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں ‘سوچھتا ہی سیوا’ پکھواڑا منانے کے لیے 13000 مقامات پروگرام چلائے جائیں گے ، جس میں قومی شاہراہوں، سڑکوں کے کنارے ، ڈھابوں اور ٹول پلازوں پر صفائی مہم کے پروگرام چلانے کا منصوبہ ہے اور اس کے لیے 7000 مقامات پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
مسٹر گڈکری نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہونے والے ٹھوس کچرے کو نپٹارے کے لئے شہری علاقوں میں ایک بڑا ماحولیاتی چیلنج ہے ۔ اس میں تقریباً 10000 ہیکٹر زمین کو ڈمپ سائٹ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ان کی وزارت ہائی وے کی تعمیر میں شہری ٹھوس کچڑے کا استعمال کرکے اس کا حل تلاش کرنے کی سمت کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ایتھنول کی معیشت کو فروغ دینا ہے اور اس کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں ان کا مقصد ایتھنول کو فروغ دینا ہے ۔ اسی سلسلے میں دہلی میں دنیا کی پہلی بی ایس-6 کمپلینٹ فلیکس فیول اسٹرانگ ہائبرڈ گاڑی لانچ کی گئی۔ پانی پت میں آئی او سی ایل پلانٹ چاول کے بھوسے جیسے زرعی کچرے کو ایتھنول اور بائیو بیٹومین میں تبدیل کر رہا ہے ۔ اس سلسلے میں 2025 تک ہندوستان میں ایک فیصد پائیدار ہوابازی ایندھن کا استعمال کرنے لئے اور پھر 5 فیصد تک ایتھنول ملانے کا منصوبہ ہے ۔ انڈین آئل پانی پت میں 87,000 ٹن پائیدار ہوابازی ایندھن پیدا کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ایک پلانٹ قائم کر رہا ہے ۔
مسٹر گڈکری نے کہا کہ ہندوستان میں ٹیلی کام کا شعبہ تقریباً 6 لاکھ موبائل ٹاور چلاتا ہے اور ایک ٹاور سالانہ تقریباً 8000 لیٹر ڈیزل استعمال کرتا ہے ۔ اس طرح ان ٹاورز پر 250 کروڑ لیٹر ڈیزل خرچ ہوتا ہے جس پر ہر سال تقریباً 25000 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ ایتھنول سے چلنے والا ایک جنریٹر سیٹ تیار کیا گیا ہے اور یہ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ آنے والے وقت میں جین سیٹ انڈسٹری میں صرف ایتھنول پر مبنی جنریٹر ہوں گے ۔