راجکوٹ//
تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو 66رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا نےچار ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی شاندارنصف سنچریوں کی بدولت بدھ کو تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں ہندوستان کے خلاف سات وکٹ پر 352 رنز بنائے سلامی بلے باز مچل مارش (96) اور ڈیوڈ وارنر (56) نے ٹیم کو طوفانی آغاز دیا اور پہلی وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑے، حالانکہ مارش اپنے کیرئیر کی دوسری سنچری بنانے سے محروم رہے۔ کلدیپ یادو نے انہیں اپنا شکار بنایا جبکہ وارنر کی اننگز کو پرسدھ کرشنا نے وکٹ کے پیچھے کیچ کراکر ختم کیا۔
وارنر نے صرف 34 گیندوں کی اپنی اننگز میں چھ چوکے اور چار چھکے لگائے جبکہ دوسرے سرے پر مارش نے 13 چوکے اور تین چھکے لگائے۔
مہمان ٹیم صرف 28 اوورز میں 215 رنز جوڑ کر 400 کا ہندسہ پار کرنے کے ارادے سے میدان میں اتری تھی لیکن محمد سراج نے اسٹیو اسمتھ (74) کو ایل بی ڈبلیو کرکے آسٹریلیا کے رن کی رفتار کو روکا جس کے بعد جسپریت بمراہ نے ایلکس کیری (11) ، گلین میکسویل (5) اور مارنس لیبوشگن (72) کی وکٹیں حاصل کرکے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو قابو میں کیا۔ کلدیپ نے کیمرون گرین (9) کو اپنا شکار بنایا۔
ہندوستان کی جانب سے روہت شرما اور واشنگٹن سندر نے اننگ کی شروعات کی اور روہت شرما نے بہترین بلے بازی کرتے ہوے 57گیندوں میں 81رنز بنائے۔ جس میں انہوں نے 6چھکے اور پانچ چوکے بھی لگائے۔ جبکہ واشنگٹن سندر نے 30گیندوں میں صرف 18رنز بنائے۔
ورات کوہلی نے بھی بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 56رنز سکور کئے جبکہ شریس ائر نے 48رنز بنائے۔ 352رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی کی پوری ٹیم 286رنز پر آل آئوٹ ہوگئی وار اس طرح سے آسٹریلیا نے تیسرا ایک روزہ میچ 66رنز سے جیتا۔