اپنے جموں کشمیر میں خاموشی سے’ اچانک ‘بہت کچھ ہو رہا ہے یا ہونا شروع ہو ا ہے … کیوں ہو ا ہے … ہم نہیں جانتے ہیں کہ… کہ اگر ہم کچھ جانتے ہیں تو… تو یہ جانتے ہیں کہ جموںکشمیر میں اچانک سے کچھ ہورہا ہے…بہت کچھ ہو رہا ہے اور… اور سو فیصد ہو رہا ہے … اچانک سے خبر آئی کہ میر واعظ‘عمر فاروق کو رہا کیا جارہا ہے‘ انہیں جامع مسجد میں خطاب کرنے کی بھی اجازت بھی دی جائیگی اور… اور چند ہی گھنٹوں میں انہیں رہا کردیا گیا اور یہ جناب جامع مسجد بھی پہنچ گئے… اچانک ایساکیوں ہوا ہم نہیں جانتے ہیں… اچانک سے اتوار کی شام کو دہلی سے جموں ایک فون کال جاتی ہے اور… اور پیر کی صبح جموں کشمیر کی بی جے پی کی ساری کی ساری قیادت دہلی پہنچ جاتی ہے اور امیت بھائی شاہ کے درشن بھی کرتی ہے… اچانک سے یہ خبر بھی گردش کرنے لگی کہ جموں کشمیر میں اب بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے… اگر ہوں گے تو… تو لوک سبھا الیکشن کے ساتھ ہوں گے یا پھر دفعہ ۳۷۰ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ہوں گے …اچانک سے یہ خبر بھی آ رہی ہے کہ اپنے سنہا صاحب کچھ وقت کے مہمان ہیں… جموں کشمیر میں کچھ وقت کے مہمان ہیں کہ… کہ انہیں یہاں سے جانا ہو گا… جانا پڑے گا تاکہ یہ اتر پردیش میں اپنے لوک سبھا حلقوں سے الیکشن لڑنے کی تیاریوں میں جٹ جائیں… اور جس طرح سنہا صاحب اب زیادہ ترجموں کشمیر سے باہر ہی رہتے ہیں… لگتا ہے کہ شاید یہ سچ میں کچھ وقت کے ہی مہمان ہیں… جموں کشمیر کے مہمان ۔یہ سب کچھ جو اچانک سے ہو رہا ہے…یا جوہمیں لگتا ہے کہ ہے اچانک سے ہو رہا ہے… یقین کیجئے کہ یہ سب اچانک سے نہیں ہو رہا ہے… میرواعظ عمر فاروق کی رہائی اچانک سے ہوئی اور نہ دوسری باتیں اچانک سے ہو رہی ہیں… ہاں ہمیں آخری وقت پر ان کے ہونے کی بھنک پڑتی ہے… اس لئے ہمیں لگتا ہے کہ یہ اچانک سے ہوا یا ہورہا ہے… جبکہ حقیقت میں ایسا ویسا کچھ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے۔اب آگے اور کیا کیا اچانک ہو جائے گا یہ تو ہمیں معلوم نہیں ہے… سوائے اس ایک بات کے کہ… کہ جموں کشمیر میں اچانک سے الیکشن … اسمبلی الیکشن نہیں ہوں گے اور… اور اس لئے نہیں ہوں گے کہ… کہ یہ جو کچھ بھی اچانک سے ہو رہا ہے… اس سب میں سب کی باتیں ہو رہی ہیں… لیکن کشمیر میں اسمبلی الیکشن کی باتیں نہیں ہو رہی ہیںاور… اور بالکل بھی نہیں ہو رہی ہیں۔ ہے نا؟