سرینگر//
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ ان کے دروازے جماعت اسلامی اور حریت والوں کیلئے بھی کھلے ہیں۔
ان کا ساتھ ہی کہنا تھا’’ہمارے دروازے ان سب لوگوں کیلئے کھلے ہیں جو آئین ہند پر یقین رکھتے ہوں‘ فرقہ وارانہ سیاست نہ کرتے ہوں، ڈرگس اور دہشت گردی میں ملوث نہ ہوں‘‘۔
اپنی پارٹی کے صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو اونتی پورہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
بخاری نے کہا’’ہمارے دروازے سب لوگوں کیلئے کھلے ہیں خواہ وہ جماعت اسلامی کے ہوں یا حریت والے ہوں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’جو آئین ہند پر یقین رکھتے ہوں، فرقہ وارانہ سیاست نہ کرتے ہوں، ڈرگس اور دہشت گردی میں ملوث نہ ہوں ان کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں‘‘۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ جمہوریت اس ملک کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا’’جمہوریت اس ملک کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور اس ملک کی طاقت جمہوریت ہی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جموں وکشمیر کے تمام باشندوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
اپنی پارٹی کے سربراہ نے جموں کشمیرکے اسمبلی الیکشن نہ ہونے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا مرکزی سرکار اور جموںو کشمیرانتظامیہ کوچاہئے کہ وہ رائے دہندگان کویہ حق فراہم کرے کہ وہ اپنی سرکار منتخب کرے اورجموںو کشمیرمیںجلدسے جلداسمبلی الیکشن کرائے جائے ۔
بخاری نے کہاکہ لوگوں کوگوناں گوں مسائل کاسامناہے اور موجودہ بیروکریسی عوامی مسائل حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی ہے۔
اپنی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کوسہولیات بہم پہنچاسکتے ہیں اورعوام کی جانب سے جومنتخب سرکا رکی جائیگی وہ لوگوں کے سامنے جواب دہ بھی ہوتی ہے ۔
اپنی پارٹی کے سربراہ نے کہا ہم سچ کی سیاست میں یقین رکھتے ہیں اورلوگوں کوسچائی اپنانے او رسچائی کاساتھ دینے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا ماضی میں جن سیاسی پارٹیوں نے عوام کااستحصال کیاہے اب یہ عوام انہیں معاف نہیں کریگی بلکہ جب بھی الیکشن ہونگے رائے دہندگان انہیں ضرور اپنے فیصلے سے آگاہ کرینگے ۔
قبل ازیں بخاری نے عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ ہمارا مقدر ہندستان کے ساتھ ہے ۔