نئی دہلی// کانگریس نے آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر من مانی کا الزام لگایا اور کہا کہ حکومت نے اپنے عزیزوں کو زرعی زمین دے کر اسے بہت کم وقت میں صنعتی زمین میں تبدیل کرکے اس زمین کے ساتھ اپنے عزیزوں کو 10 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی فراہم کرائی ہے ۔
کانگریس کے ترجمان پروفیسر گورو ولبھ نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ کام آسام میں کیا گیا ہے جہاں پردھان منتری کسان سمپدا یوجنا کے تحت ایک کمپنی کو 10 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی نے سب سے پہلے زرعی زمین خریدی اور بہت ہی کم وقت میں اس زمین کو صنعتی زمین میں تبدیل کر دیا جس کے لیے کمپنی کو 10 کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس کمپنی کو گرانٹ دی گئی ہے ،اس کمپنی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر رینیکی بھوئیاں سرما سرما وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کی اہلیہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کمپنی حکومت ہند کی ‘پردھان منتری کسان سمپدا یوجنا’ کے تحت درخواست دیتی ہے کہ وہ فوڈ پروسیسنگ کا کام کرے گی اور اس کے لیے اسے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ ملتی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے چند ماہ بعد یہ کمپنی زرعی زمین خرید لیتی ہے اور صرف چند دنوں کے بعد یہ زرعی زمین صنعتی زمین میں تبدیل ہو جاتی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘پرائم ایسٹ انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ’ نامی یہ کمپنی خود کو شمال مشرقی خطے کا میڈیا چینل بتاتی ہے ۔