سرینگر//
وادی کشمیر میں ستمبر میں گرمی کا زور جاری رہتے ہوئے منگل کے روز ۱۳۰ سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا جب درجہ حرارت۲ء۳۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہر موسمیات‘ فیضان کینگ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی کشمیر میں ماہ ستمبر میں گرمی کا۱۳۰سالہ پرانا ریکارڈ منگل کے روز ٹوٹ گیا ہے ۔
کینگ نے بتایا کہ۱۲ستمبر کو سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۲ء۳۴ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا جو معمول سے۶ڈگری زیادہ ہے ۔ماہر موسمیات نے مزید کہاکہ یکم ستمبر۱۹۷۰میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۸ء۳۳ڈگری اور۱۸ستمبر۱۹۳۴میں۳۵ڈگری سینٹ گریڈ درجہ ہوا تھا۔
کینگ نے کہاکہ قاضی گنڈ میں ۱۲ستمبر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۲ء۳۳ ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا جو کہ معمول سے ۷ء۶ڈگری زیادہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قاضی گن میں ۱۹۵۶کے بعد ستمبر کے مہینے میں پارہ۳۲ڈگری کے پار چلا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کپواڑہ میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۸ء۳۳‘بارہمولہ میں۲ء۳۲‘بانڈی پورہ میں۲ء۳۳‘بڈگام میں۲ء۳۳‘پلوامہ میں ۸ء۳۱‘شوپیاں میں۸ء۳۳‘کولگام میں ۱ء۳۱‘اننت ناگ میں۸ء۳۲؍اور سونہ مرگ میں۵ء۲۷ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ وادی میں۱۵ستمبر تک گرمی کی شدت جاری رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت موسم جوں کا توں رہنے کی توقع ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ۱۵ستمبر کے بعد وادی میں موسم میں تبدیلی متوقع ہے جس دوران۱۷؍اور۱۸ستمبر کو ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے ۔
احمدنے کہا کہ اس دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاہم ۲۰ستمبر تک موسم میں وسیع پیمانے پر تبدیلی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔