جموں//
جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں قومی شاہراہ پر ایک ٹرک بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آکر ایک نالے میں گر جانے سے اس میں سوار دو بھائیوں سمیت چار افراد لقمہ اجل بن گئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کشمیر جا رہا ایک ٹرک بانہال کے شیر بی بی علاقے کے نزدیک قومی شاہراہ پر ایک بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آکر ایک نالے میں جا گرا۔
ذرائع نے کہا کہ اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک میں سوار دو بھائیوں سمیت چار افراد بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور کیو آر ٹی رامسو نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا اور لاشوں کو نکال کر سب ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔
متوفین کی شناخت۴۲سالہ محمد افضل گورو (ڈرائیور) اس کا بھائی۳۶سالہ محمد الطاف گورو ساکن ریڈونی اننت ناگ‘۳۳سالہ عرفان احمد ولد عبد الحمید بٹ اور۲۹سالہ شوکت احمد ولد عبدالحمید ساکن سری گفوارہ اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا بھاری بھرکم پتھر گر آنے سے بانہال میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوئی ہے ۔متعلقہ حکام نے کہا کہ دونوں طرف ٹریفک بند ہے اور لوگوں سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ سفر اختیار کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔تاہم روڈ کو بحال کرنے کیلئے کام بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔
دریں اثناشمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں منگل کو سومو اورایک سکوٹی کے درمیان ٹکر ہوئی ہے جس کے نتیجے ۲؍افراد لقمہ بن گئے ۔
پولیس نے اس حوالے سے ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
یہ حادثہ پٹن کے ہیراتھ سنگھ پورہ علاقے میں پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک سومو نے اسکوٹی کو ٹکر ماری۔ اسکوٹی کے ڈرائیور اور سوار کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
مرنے والوں کی شناخت فیضان مشتاق گنائی ساکنہ چاندکوٹ بالا ماگام اور ریاض سجاد ملہ ساکن یگی پورہ ماگام کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے سومو کو قبضے میں لے لیا، ڈرائیور کو گرفتار کر کے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔