کولمبو//جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کا ماننا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے دنیا کے نمبر ایک ٹی 20 آئی بلے باز سوریہ کمار یادو کو اپنے مائنڈ سیٹ میں تھوڑی سی تبدیلی لانی ہوگی۔
ورلڈ کپ کے لیے منتخب 15 رکنی ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے سوریہ کمار کی ون ڈے فارم میں کچھ خاص نہیں رہا ہے۔ 24 اننگز میں ان کی اوسط صرف 24.33 ہے اور وہ اس عرصے میں صرف دو نصف سنچریاں اسکور کر پائے ہیں۔ سوریہ کمار نے خود اعتراف کیا ہے کہ ان کا ون ڈے ریکارڈ بہت ‘خراب’ ہے۔
ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میں سوریہ کا بہت بڑا پرستار ہوں۔ وہ اسی طرح کھیلتے ہیں جس طرح میں کھیلتا ہوں لیکن انہوں نے ابھی تک ون ڈے میں اپنی شناخت نہیں بنائی ہے۔ اگر وہ اپنے مائنڈ سیٹ میں تھوڑی سی بھی تبدیلی لاتے ہیں تو وہ ون ڈے میں بھی کامیاب ہوسکتے ہیں کیونکہ ان میں ہر طرح کی قابلیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ راحت کی بات ہے کہ سوریہ کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ ملی ہے اور میں اس سے بہت خوش ہوں۔ مجھے امید ہے کہ انہیں ورلڈ کپ میں بھی الیون میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ہندوستانی اسکواڈ کے توازن کو دیکھ کر یہ بات یقینی ہے کہ وہ ابتدائی گیارہ میں جگہ نہیں بنا پائیں گے لیکن ورلڈ کپ ایک طویل ٹورنامنٹ ہے اور دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔