نئی دہلی//
مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے ہفتہ کو نئی دہلی میں کھیلو ماسٹرز نیشنل گیمز کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔
اس دوران ٹھاکر نے اپنے خطاب میں کہاکہ ‘‘ان کھیلوں میں 23 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تقریباً تین ہزار کھلاڑی آٹھ مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے ۔ یہ کھیل 30 اپریل سے 3 مئی تک چھ مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کھیلوں کو فروغ دینے کا ایک بہترین طریقہ ہے ۔ اس گیم میں 30 سال سے اوپر اور 95 سال سے کم عمر کے لوگ حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم کئی پرانے اولمپک کھلاڑی بھی اس کھیل میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف کھیلو انڈیا کے تحت کھیلو انڈیا یوتھ گیمز، کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز اور دیگر لیگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف عمر کی کسی بھی حد کو مدنظر رکھتے ہوئے ماسٹرز گیمز کا آغاز کیا گیا ہے جس میں ہزاروں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔’’
مرکزی وزیر ٹھاکر نے کہا کہ ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم، کھیلو انڈیا نے کھیلوں کی دنیا میں بڑا کردار ادا کیا اور کھلاڑیوں کو بہت سی سہولیات فراہم کیں۔ اس دوران مسٹر ٹھاکر نے افتتاحی تقریب کے موقع پر کھیل میں شریک کھلاڑیوں کے ساتھ بیڈمنٹن کھیلا اور تمام شرکاء کو اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔