ممبئی//
مسٹر فنشر راہل تیوتیا 43 ناٹ آؤٹ اور ڈیوڈ ملر 39 ناٹ آؤٹ کی شاندار بلے بازی اور دونوں کے درمیان 79 رن کی ناٹ آؤٹ شراکت کے دم پر گجرات ٹائٹنز نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو ہفتہ کو چھ وکٹوں کو شکست دے کر فتح سے ہمکنار کیا اورآئی پی ایل کے پلے آف میں پہنچنے کی طرف قدم بڑھادیا۔
بنگلورو نے سابق کپتان وراٹ کوہلی (58) اور رجت پاٹیدار (52) کی نصف سنچریوں کی بدولت 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 170 رنز کا مشکل اسکور بنایا، جب کہ گجرات نے 19.3 اوور میں چار وکٹ پر 174 رنز بنا کر نو میچوں میں آٹھویں جیت درج کی۔ پلے آف میں جگہ بنانے کی دہلیز پر پہنچ گئے ۔
تیوتیا اور ملر کی جوڑی نے ایک اور میچ ٹائٹنز کے نام کر دیا ہے ۔ اس سیزن میں گجرات ٹائٹنز کی جیت کا کارواں رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ کوئی نہ کوئی بلے باز ٹائٹنز کے لیے شکست کے جبڑوں سے فتح چھین لیتا ہے ۔ آج یہ کارنامہ تیوتیا اور ملر کی جوڑی نے انجام دیا۔
تیوتیا اور ملر نے صرف 6.4 اوور میں 79 رنز بنا کر گجرات کو یک طرفہ فتح دلائی۔ تیوتیا نے صرف 25 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 43 رنز میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ ملر نے 24 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رنز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ گجرات نے اپنا چوتھا وکٹ 13ویں اوور میں 95 پر کھو دیا لیکن اس کے بعد اس جوڑی نے بنگلورو کو کوئی موقع نہیں دیا۔ اس طرح بنگلورو کو 10 میچوں میں پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے پہلے کافی عرصے سے فارم کی تلاش میں رہنے والے وراٹ نے آخر کار دوبارہ فارم میں آکر 53 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے جبکہ پاٹیدار نے 32 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے ۔ 11 رنز پر کپتان فاف ڈو پلیسس کی وکٹ گرنے کے بعد وراٹ اور پاٹیدار نے دوسری وکٹ کے لیے 99 رنز جوڑے ۔وراٹ کو پرفیکٹ یارکر پر محمد شامی نے بولڈ کیا۔
گلین میکسویل نے 18 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 اور مہیپال لومرر نے آٹھ گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز بنائے ۔ لومرر اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے ۔