سرینگر//
سینئر کانگریس لیڈر‘ غلام احمد میر کا کہنا ہے کہ جموںکشمیر میں بھی ایک مضبوط اپوزیشن الائنس کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ ۳۷۰فی الوقت عدالت عظمیٰ میں زیر بحث ہے اور ہمیں امید ہے کہ صحیح فیصلہ آئے گا۔
میر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
سابق ریاستی کانگریس صدر نے کہا’’بات صرف بی جے پی کو ہرانے کی نہیں ہے پچھلے نو برسوں سے ملک میں بھائی چارے کو ختم کیا جا رہا ہے ، مہنگائی اور بے روز گاری عروج پر ہے‘‘۔
میر کا کہنا تھا’’ان ساری چیزوں کو دیکھ کر ملک کی بڑی پارٹیوں نے اتحاد کیا ہے جس کا مقصد آئین کو بچانا‘ جمہوریت کی بحالی، بے روزگاری، مہنگائی کو ختم کرنا ہے‘‘۔
کانگریسی لیڈر نے کہا کہ جموںکشمیر میں بھی ایک مضبوط الائنس کی ضرورت ہے تاکہ خطرات کو دور کیا جاسکے ۔
دفعہ۳۷۰کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’۶؍اگست۲۰۱۹کی قرار داد سے واضح ہوتا ہے کہ کانگریس اس لڑائی میں جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ یہ عدالت عظمیٰ میں زیر بحث ہے اور عدالت عظمیٰ سے صحیح فیصلہ آنے کی امید ہے ۔