ممبئی//
جب آئی پی ایل میں سب سے کنجوس گیند بازوں کی بات آتی ہے تو آپ اندازہ لگاتے ہوں گے کہ اس فہرست میں سنیل نارائن کانام سب سے اوپر ہوگا۔
اس سیزن میں بھی سنیل نارائن کا نام سرفہرست ہے ، لیکن نارائن کے نیچے جودوسرا نام ہے وہ کسی کے لئے بھی حیران کرنے والا ہوسکتا ہے ۔ درحقیقت، اس سال کم از کم 10 اوورز کرنے والے سب سے کنجوس گیند بازوں کی فہرست میں نارائن کے بعد دوسرانام کرونال پانڈیاکاہے ، جنہوں نے 6.18 کی اکانومی کے ساتھ گیند بازی کی ہے ۔
2019 اور 2020 کے سیزن میں، ممبئی انڈینز کی ٹیم کرونال کو کیرون پولارڈ کے ساتھ پانچویں بولر کے طور پر استعمال کرتی تھی۔ پچھلے سال ان کی باؤلنگ میں معمولی کمی آئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی باؤلنگ پر چھ سے آٹھ ماہ تک سخت محنت کی۔ اس کا نتیجہ بھی انہیں ملا، جب 2017 کے بعد انہیں پہلی بار پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
بائیں ہاتھ کے اسپنروں کے خلاف پنجاب کنگز کے بلے باز اس سیزن میں جدوجہد کرتے ہوئے نظرآئے ہیں۔ اس طرح سے کرونال ان کے خلاف ایک میچ اپ کی طرح تھے ۔ کرونال کا گیند کے ساتھ یہ سیزن کافی اچھا بھی گیا ہے ۔ میچ کے بعد براڈکاسٹر سے بات کرتے ہوئے کرونال نے کہا، ‘‘میں گزشتہ چند مہینوں سے اپنی گیند بازی پر سخت محنت کر رہا ہوں۔ راہل سانگھوی اس میں میرے لیے سب سے زیادہ مددگار رہے ہیں۔ سات آٹھ ماہ قبل میری ان سے بات ہوئی تھی اورمیں نے ان سے کہا تھا کہ میں اپنا اسکل بڑھانا چاہتاہوں۔ میرا مانڈ سیٹ تو واضح تھا لیکن اسکل کو مزید بہترکرناتھا تاکہ میں اورموثر گیندباز بن سکوں۔
اس کے علاوہ کرونال اس بات سے بھی پریشان تھے کہ ان کی گیندیں زیادہ ٹرن نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ میں زیادہ تر مختصر فارمیٹ کا میچ کھیلتا ہوں توکچھ پتہ نہیں چلتا۔ میں گیندبازی کے دوران کافی جھک رہا تھا اور پیر بھی کافی زیادہ باہرنکل رہاتھا۔ مجھے لگا کہ اگر میں کم جھکوں گا تو مجھے زیادہ ٹرن ملے گی۔ میں اپنی رفتار میں بہت تبدیلی کرتاتھا، لیکن اگر مجھے اسپن بھی ملتی ہے تو میں بلے باز کے دماغ سے کھیل سکتاہوں۔ میں نے پھر سے سانگھوی سے بات کی۔ وہ بہت اچھے انسان ہیں اورمیری ہمیشہ مددکرتے ہیں۔”
کرک انفو کے پروگرام ٹی 20 ٹائم آؤٹ میں نیوزی لینڈ کے سابق لیفٹ آرم اسپنر ڈینیئل ویٹوری نے کرونال کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "وہ ان چند اسپنروں میں سے ایک ہیں جورفتار کے ساتھ ساتھ اسپن حاصل کرسکتے ہیں۔ وہ ایسا کرکے بلے بازوں کو چیلنج کرتے ہیں۔ ان کے لینتھ کر پڑھنا بہت مشکل ہے ۔ اس لئے وہ دائیں اوربائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے خلاف کامیاب ہیں۔ وہ گیندکے ساتھ ہمیشہ کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں اورایسی اسکل کو دیکھنا ہمیشہ خوشگوارہوتا ہے ۔