نئی دہلی// صدر دروپدی مرمو نے پیر کو آنجہانی اداکار اور لیڈر این ٹی راما راؤ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راما راؤ کے صد سالہ تقریب کی یاد میں یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ راما راؤ نے تیلگو فلموں کے ذریعے ہندوستانی سنیما اور ثقافت کو مالا مال کیا۔ انہوں نے رامائن اور مہابھارت کے مرکزی کرداروں کو اپنی اداکاری سے زندہ کر دیا۔ بھگوان رام اور بھگوان کرشنا کے جو کردار ان کے ادا کیے گئے وہ اتنے جاندار ہوگئے کہ لوگ این ٹی آر کی پوجا کرنے لگے ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر نے بھی اپنی اداکاری کے ذریعے عام لوگوں کے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے سماجی انصاف اور مساوات کا پیغام اپنی ایک فلم ‘مانشولنتا اوکاٹے ‘ کے ذریعے پھیلایا جس کا مطلب ہے کہ تمام انسان برابر ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ عوامی خدمت گار اور عوامی لیڈر کے طور پر این ٹی آر کی مقبولیت وسیع ہے ۔ انہوں نے اپنی غیر معمولی شخصیت اور محنت سے ہندوستانی سیاست میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کئی عوامی فلاحی پروگرام شروع کیے ، جنہیں آج بھی یاد کیا جاتا ہے ۔
محترمہ مرمو نے این ٹی آر پر یادگاری سکہ لانے کے لیے وزارت خزانہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی منفرد شخصیت لوگوں بالخصوص تلگو بولنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ نقش رہے گی۔