سرینگر//
کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے لداخ کے اپنے ہفتہ بھر طویل دورے کے آخری مرحلے میں جمعرات کی شام کرگل پہنچنے کے بعد نوجوانوں کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کی۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق قانون ساز اصغر علی کربلائی نے کہا کہ کانگریس کے سابق صدر دہلی واپس آنے سے پہلے جمعہ کو کرگل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
۳۰رکنی لداخ خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کرگل کی۲۶ نشستوں کیلئے انتخاب۱۰ ستمبر کو ہونا ہے اور ووٹوں کی گنتی چار دن بعد ہوگی۔
کرگل کی زنسکار تحصیل کے پدم میں رات بھر قیام کے بعد،۵۳ سالہ گاندھی آج دوپہر دیر گئے اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کرگل شہر پہنچے۔ ایک بڑے ہجوم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جس نے ’بھارت جوڈو‘اور کانگریس لیڈر کی تعریف میں نعرے لگائے۔
کربلائی نے بتایا کہ بعد میں، انہوں نے مقامی کانگریس یونٹ کے زیر اہتمام ایک خصوصی پروگرام میں شام ۵بجے سے ایک گھنٹے تک نوجوانوں سے بات چیت کی۔
کربلائی نے کہا کہ ایک ہزار سے زائد نوجوان آئے اور اپنے مسائل بشمول بے روزگاری کو اجاگر کیا۔
گاندھی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اور ان کی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ میں ان کی آواز بنیں گے اور ان کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائیں گے۔
کربلائی نے کہا کہ گاندھی نے کرناٹک اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کے بارے میں بات کی اور ۲۰۲۴کے لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ اس سال کے آخر میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں پارٹی کی جیت کے بارے میں بھی اعتماد ظاہر کیا۔
کربلائی نے گاندھی اور نوجوانوں کے درمیان بات چیت کو ایک’تاریخی لمحہ‘ قرار دیا اور کہا کہ کرگل کے لوگ’تقسیم کرنے والی طاقتوں اور نفرت پھیلانے والوں‘ کو بے نقاب کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت اور سیکولرازم کے تحفظ کے لئے کانگریس لیڈر کی کوششوں کی تعریف کر رہے ہیں۔انہوں کہا ’’گاندھی کے دورے کا کرگل کی ہل کونسل انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ یہاں پارٹی امیدواروں کی مہم چلانے نہیں آئے ہیں۔ ان کانفرت کو دور کرنے اور محبت پھیلانے کا بڑا مقصد ہے۔‘‘
دریں اثنا راہول گاندھی جمعہ کو نجی دورے پر سرینگر پہنچیں گے، سرکاری ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا۔
ذرائع نے مقامی خبر رساں ایجنسی‘ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کو بتایا کہ راہول گاندھی کل سڑک کے راستے سرینگر پہنچیں گے اور نگین جھیل میں ایک ہاؤس بوٹ میں ایک رات قیام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے دن وہ دو راتیں رعناواری کے ایک ہوٹل میں قیام کریں گے اور کئی وفود سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی کے ساتھ ان کی والدہ سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی واڈرا بھی ہوں گی۔
راہول گاندھی اس وقت لداخ کے دورے پر ہیں، جہاں پینگونگ جھیل پر ان کے والد کی۷۹ ویں یوم پیدائش منائی جارہی ہے۔