لاہور//
پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے شین وارن کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم لیڈر قرار دیا جن کی قیادت میں راجستھان رائلز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا پہلا ایڈیشن جیتا تھا۔ 40 سالہ وکٹ کیپر بلے باز نے یہ باتیں یوٹیوب چینل کرکٹ ڈین پر گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شین وارن ایک بہترین کپتان تھے ، ان کے پاس کھلاڑیوں کی طاقت اور کمزوریوں کا اندازہ لگانے کی منفرد صلاحیت تھی اور وہ انہیں حالات کے مطابق استعمال کرتے تھے۔
کامران اکمل نے مزید کہا کہ انہوں نے 2008ء میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے افتتاحی ایڈیشن میں آئی پی ایل میں اپنے دور کے دوران شین وارن سے بہت کچھ سیکھا۔ راجستھان رائلز کے ڈریسنگ روم کے ماحول کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ جب ٹورنامنٹ شروع ہوا تو کسی نے ہمیں بھائو نہیں دیا لیکن شین وارن اور باقی ٹیم نے جس طرح پرفارم کیا وہ ان کے کردار کے بارے میں واضح کرتا ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے کسی نے بھی ہمیں ٹاپ فور میں جگہ بنانے کا موقع نہیں دیا اس لیے وہاں سے ٹورنامنٹ جیتنا ایک بڑی کامیابی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی جیسے یوسف پٹھان، رویندرا جدیجا اور شین واٹسن نے نہیں جھکایا اور جب بھی ٹیم کو ضرورت پڑی اپنے ہاتھ اٹھائے۔ کامران اکمل نے پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر سہیل تنویر کی بھی تعریف کی جنہوں نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ سہیل تنویر نے ابھی اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور وہ مخالف ٹیم کے لیے ایک سرپرائز پیکج تھا۔ ہمارے آئی پی ایل ٹرافی جیتنے میں اس کا کردار بھی اہم تھا۔