نئی دہلی// سکسر کنگ کے نام سے مشہور یووراج سنگھ اپنی پہلی اننگز سے پہلے رات بھر سو نہیں سکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح کپتان سوربھ گانگولی نے میچ سے ایک رات پہلے ان کے ساتھ مذاق کیا تھا۔
ہندوستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر یووراج سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 2000 کے آئی سی سی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ میں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی تاریخی پہلی اننگز سے قبل کپتان سوربھ گانگولی کے ایک مذاق کی وجہ سے پوری رات نہیں سو سکے تھے۔
‘ہوم آف ہیروز’ پروگرام میں، یووراج نے سنجے منجریکر سے کہا کہ میچ سے ایک شام پہلے، گانگولی نے 18 سالہ نوجوان سے پوچھا کہ کیا وہ بطور اوپنر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ یووراج نے کہا کہ میں نے ان سے کہا کہ اگر وہ ایسا چاہتے ہیں تو میں ضرور اوپننگ کروں گا اور اس کے بعد میں پوری رات سو نہیں سکا ۔
یووراج نے اپنا ڈیبیو ٹورنامنٹ میزبان کینیا کے خلاف کیا تھا، لیکن اس میچ میں ان کی بلے بازی کا نمبر نہیں آیا تھا ۔ اگلی صبح گانگولی نے انہیں بتایا کہ وہ مذاق کر رہے تھے اور انہوں نے خود سچن تیندولکر کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا۔ ہندوستان نے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف 265 رنز بنائے جس میں یوراج نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
اس میچ کو یاد کرتے ہوئے یوراج نے کہا کہ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کر رہا تھا اور کافی تناؤ میں تھا تاہم جب میں بیٹنگ کے لیے باہر آیا تو میری توجہ صرف گیند پر مرکوز تھی۔ یووراج کے سامنے بولنگ آرڈر میں گلین میک گرا، جیسن گلیسپی، بریٹ لی جیسے نام موجود تھے اور ساتھ ہی آسٹریلیا کا مشہور سلیجنگ بھی۔ انہیں 37 کے اسکور پر لائف لائن بھی ملی۔ اس پر یووراج نے کہا کہ اس باؤلنگ آرڈر کا معیار ایسا تھا کہ اگر آپ مجھ سے آج کہتے کہ میں نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں صرف 37 رنز بنائے تو میں مطمئن ہو جاتا۔ میں خوش قسمت تھا کہ میں نے 84 رنز بنائے اور۔ آسٹریلیا کو ہرا کر پلیئر آف دی میچ کا ٹائٹل جیتنا میرے لیے بہت بڑی بات تھی۔
اس میچ میں یووراج نے مائیکل بیون کو رن آؤٹ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ہندوستان نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دی لیکن فائنل میں کپتان گانگولی کی مسلسل دوسری سنچری کے باوجود نیوزی لینڈ سے شکست کھا گئے تھے۔ تاہم، یووراج 2007 ورلڈ ٹی 20 اور 2011 کے 50 اوور ورلڈ کپ دونوں جیتنے والی مہموں میں ہندوستان کے لئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے تھے۔