سرینگر/۲۲اگست
سرینگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ کے خمینی چوک علاقے کے لوگوں نے منگل کے روز سڑک پر میگڈم بچھانے کا کام شروع نہ ہونے پر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی جن میں سکولی بچے بھی شامل تھے ، اپنے مطالبے کو لے کر جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو کہا کہ پچھلے کچھ برسوں سے اس روڈ کی حالت خستہ ہے ۔
مظاہرین نے کہا”ہم سڑکوں پر نہیں آنا چاہتے ہیں لیکن سڑک کی حالت ہی ایسی کہ ہم ایسا کرنے کے لئے مجبور ہیں“۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ اس سڑک کو ٹھیک کیا جائے تاکہ لوگ اور گاڑیاں اس پر چل سکیں۔
ایک سکولی بچے نے بتایا کہ سڑک اتنی خراب ہے کہ ہماری وردی سکول جانے کے دوران ہی خراب ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا”ہر جگہ روڈ ٹھیک کئے گئے لیکن اس روڈ پر میگڈم نہیں بچھایا جا رہا ہے“۔
ایک اور طالب علم نے بتایا کہ ہم صبح نہا کے سکول جاتے ہیں تو ہمیں واپس گھر نکا لا جاتا ہے کیونکہ چلتے چلتے ہماری وردی اور جوتوں کا برا حال ہوجاتا ہے ۔
دریں اثنا سرینگر میونسپل کارپویشن (ایس ایم سی) میئر جنید عظیم متو نے ٹویٹ کرکے کہا”بمنہ ‘ خمینی چوک تک سڑک کا کام دوبارہ شروع کیا جائےگا۔ بدقسمتی سے تاخیر سائٹ پر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہوا، جس سے ہم حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں“۔
متو نے ٹویٹ میں مزید کہا”میں نے بڈگام ضلعی انتظامیہ سے بھی درخواست کی ہے کہ اس مخصوص راستے پر بھاری ٹریفک اور ٹرکوں کو جانے کی اجازت نہ دی جائے ۔“