سرینگر/21 اگست
جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین ‘غلام نبی آزاد نے پیر کو کہا کہ آرٹیکل 370 کوبحال کرنے کی آخری امید سپریم کورٹ پر ہے۔
آزاد نے پیر کو سرینگر میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا”صرف دو ہی آرٹیکل 370 کو بحال کر سکتے ہیں یا تو موجودہ حکومت یا سپریم کورٹ“۔تاہم انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت سے کوئی توقع نہیں رکھ سکتے کیونکہ اس نے اسے منسوخ کر دیا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے ایک آخری امید ہے جو آرٹیکل 370 کو بحال کر سکتی ہے۔
ڈی پی اے پی کے چیئرمین نے کہا کہ وہ حال ہی میں دہلی گئے تھے جہاں انہوں نے کانگریس لیڈر اور معروف وکیل کپل سبل کے ساتھ کچھ وقت گزارا جنہوں نے سپریم کورٹ میں 1.50 کروڑ لوگوں کے کیس کی موثر طریقے سے نمائندگی کی۔
انہوں نے مزید کہا”آئیے ہم اللہ تعالی سے دعا کریں اور بہترین کی امید رکھیں۔“ (ایجنسیاں)