نئی دہلی//
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن چکا ہے اور۲۰۴۷ تک اس کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہو گا۔
منگل کو ملک کے۷۷ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے جہاں اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا وہیں حزب اختلاف پر تنقید بھی کی۔
مودی نے اپنے ۹۰منٹ کے خطاب میں اپنی حکومت کی جانب سے گزشتہ ۱۰برس کے دوران ملکی سلامتی، خواتین کے حصولِ اختیارات اور سماج کے غریب طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی پالیسی واضح ہے اور ان کی نیت پر کوئی سوالیہ نشان نہیں ہے ۔ سچائی کو قبول کرتے ہوئے ہمیں اس کے حل کی طرف بڑھنا ہوگا۔’’ آج میں آپ کی مدد اور آشیرواد لینے آیا ہوں کہ آج ملک کے مسائل کو سنجیدگی سے لینا ہے ۔ سال۲۰۴۷ میں جب ملک کی آزادی کے۱۰۰سال مکمل ہوں گے تو ہندوستان کا پرچم دنیا میں ترقی یافتہ ہندوستان کا ترنگا لہرائے گا۔ ہمارے عزم میں رتی بھر بھی کمی نہیں آئے گی‘‘۔
مودی نے کہا کہ اس کیلئے صفائی، شفافیت اور انصاف اولین ضرورت ہے ۔ ہم اسے جنتی زیادہ کھاد اور پانی دے سکتے ہیں، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ۷۵سال کی تاریخ میں ہندوستان کی طاقت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ جو ملک سونے کی چڑیا تھا وہ ملک کی آزادی کے صد سالہ سال۲۰۴۷میں دوبارہ اسی شان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں۳۰سال سے کم عمر کے لوگوں کی سب سے زیادہ تعداد ہندوستان میں ہے ۔ ملک کی نوجوان طاقت، ناری شکتی اور ناری شکتی اور عام آدمی کی طاقت پر یقین ہے کہ آزادی کے۱۰۰سال مکمل ہونے پر ملک۲۰۴۷میں ایک ترقی یافتہ ملک بن کر رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ۲۰۴۷میں ہمارا ترنگا ایک ترقی یافتہ ملک کا قومی پرچم ہوگا۔
اپنی تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تقریر میں وزیر اعظم نے اپنی حکومت کے نو سال کے کام کا حوالہ دیا اور کہا کہ آج ملک ہماری ماؤں اور بہنوں کی طاقت سے آگے بڑھ گیا ہے ۔ آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو یہ ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں کی کوشش ہے ، ان کی محنت کی وجہ سے ہی آج ملک زراعت کے شعبے میں ترقی کر رہا ہے ۔
مودی نے کہا’’ہم امرت کال میں داخل ہو گئے ہیں جو ہمیں ہزار سال کے سنہری دور میں لے جائے گا۔ ملک اور دنیا کا ہندوستان پر بے پناہ اعتماد اور بھروسہ ہے اور انہیں ہندوستان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کے امرت کال کے دور میں ہم جتنی قربانیاں دیں گے ، اس سے آنے والی ایک ہزار سال کی سنہری تاریخ پھوٹنے والی ہے ۔ ہمارے پاس آبادی، جمہوریت اور تنوع کی تثلیث ہے جو ہندوستان کو بہت آگے لے جائے گی۔
اس موقع پر وشوکرما یوجنا کا اعلان کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اسے نچلی سطح پر نافذ کرکے معیشت کو مضبوط کیا جائے گا۔ اس سکیم کے تحت سنار، بڑھئی، مستری، دھوبی، حجام وغیرہ پیشے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو روایتی آلات کی جگہ نئے تکنیکی آلات فراہم کیے جائیں گے ۔ اس کیلئے۱۳سے۱۵ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری جن اوشدھی کیندروں کی تعداد۱۰ہزار سے بڑھا کر۲۵ہزار کی جائے گی۔ انہوں نے اصلاح، کارکردگی اور تبدیلی کو اپنے کام کا منتر قرار دیا۔