سرینگر//
دارلحکومت سرینگر میں مشہور اقبال پارک کے متصل واقع بخشی اسٹیڈیم میں امسال پانچ برسوں کے وقفے کے بعد یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لے لی۔
قابل ذکر ہے کہ بخشی اسٹیڈیم کو کئی دہائیوں سے یوم آزادی کی مرکزی تقریب کی میزبانی کرنے کا اعزاز حاصل تھا لیکن سال ۲۰۱۸میں اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے پیش نظر اس کو بند کر دیا گیا تھا۔
اس دوران یوم آزادی کی تقاریب کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار میں منعقد ہوتی تھی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی تقریب میں امسال کثیر تعداد میں عام لوگوں نے شرکت کی جن میں مرد و زن اور بچے اور عمر رسیدہ افراد بھی شامل تھے ۔
شاہدین نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے باہر منگل کی صبح سے ہی لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھی اور وہ اندر جانے کے لئے اپنی بھاریوں کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے ۔
حکام کا ماننا ہے کہ امسال پہلی بار اس قدر لوگوں کا رش اور جوش و خروش دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ امسال تقریب میں شرکت کے لئے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی تھی اور بخشی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لئے کسی مخصوص پاس کی ضرورت نہیں تھی۔
دریں اثنا وادی کے تمام اضلاع کے ہیڈ کوارٹروں پر بھی یوم آزادی کی تقریبات کا انتہائی جوش و خروش سے انعقاد عمل میں لایا گیا۔