مینڈھر/جموں//
سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کو جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک درجن سے زیادہ دیہاتوں میں تلاشی مہم شروع کی۔
حکام نے کہا کہ مینڈھر سب ڈویڑن کے گورسائی علاقے میں فوج اور پولیس کی طرف سے مشترکہ آپریشن یوم آزادی سے قبل سرحدی دیہاتوں میں حفاظتی انتظامات کو تیز کرنے کے ایک حصے کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے سلواہ، سروتی، گرسائی ٹاپ، سنائی، کیری کنگا اور ترکھرا سمیت ایک درجن سے زائد دیہات کو گھیرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کی۔ آخری اطلاعات ملنے تک آپریشن جاری تھا۔
دہشت گردوں کی طرف سے ۱۵؍اگست کو یوم آزادی کی تقریبات میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے جموں خطے میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔
۹؍اگست کو ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (جموں زون) مکیش سنگھ نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی اور’جارحانہ کارروائیوں‘پر زور دیا، خاص طور پر راجوری‘پونچھ اور ڈوڈہ‘کشتواڑ‘رامبن رینجز میں دہشت گردی کے حملے ناکام بنانے کے لیے۔
سکیورٹی اداروں سے اعلیٰ سطحی چوکسی برقرار رکھنے اور بارڈر سکیورٹی اور ہائی وے گرڈ کو مضبوط بنانے کے لیے بھی کہا گیا۔ (ایجنسیاں)