سرینگر//
باڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او کی) جانب سے تیار کردہ ۷۴پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کرنے کیلئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اگلے کچھ دنوں میں جموں وارد ہو رہے ہیں ۔
اس سلسلے میں بی آر او کی جانب سے تمام تیاریوںکو حمتی شکل دی جا رہی ہے۔
ا س حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بی آر او کے ڈائریکٹر جنرل راجیو چوہدری نے بتایا کہ بی آر او کی جانب سے۷۴پروجیکٹوں کی تکمیل ہو چکی ہے جن کو وزیر دفاع راجناتھ سنگھ عوام کے نام وقف کریں گے ۔
چوہدری نے کہا ’’ ان پروجیکٹوں میں دیوک پل کے افتتاح کی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔ اس کا افتتاح کرکے قوم کے نام وقف کیا جائے گا۔وہ مزید۷۴ منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے جن میں دو فضائی پٹیاں‘ سرنگیں، پل اور سڑکیں شامل ہیں‘‘۔
ڈی جی ‘بی آر او نے کہا کہ سانبہ ضلع میں دیوک پل کی تعمیر پراجیکٹ سمپارک کے تحت دو سال کے اندر مکمل کی گئی ہے۔ان کاکہنا تھا’’یہ پل، دریائے دیویکا پر واقع ہے اور اسٹریٹجک اور سماجی و اقتصادی دونوں نقطہ نظر سے بہت اہمیت رکھتا ہے‘‘۔
چوہدری نے کہا’’یہ سرحد کے ساتھ فورسز کی تیز رفتار نقل و حرکت کے قابل بناتا ہے، جس سے آئی بی کے ساتھ واقع فولپور اور گلپور کے دیہاتوں کو فائدہ ہوتا ہے۔‘‘
بی آر او کے ڈی جی نے کہا کہ پہلے‘دیہاتیوں کو دریا کو عبور کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا‘لیکن ا ب نہیں۔ انہوں نے مزید کہا ’’یہ پل، جو بین الاقوامی سرحد سے تقریباً ۵ء۳کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے‘۴۲۲ میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔‘‘
چوہدری نے کہا کہ سرحد کے ساتھ زیر تعمیر ایک اہم سڑک اکھنور‘پونچھ روڈ ہے۔انہوں نے کہا ’’ہم نے اس سڑک کو چوڑا کیا ہے، جس میں کنڈی، سنگل، نوشہرہ، اور بھمبرگلی کی چار سرنگیں ہیں۔ یہ منصوبہ قابل ستائش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اور توقع ہے کہ اگلے دو سالوں میں مکمل ہو جائے گا‘‘۔
چین بھارت سرحد کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں، بی آر او نے چین کے ساتھ سرحد کے ساتھ ساتھ ماڈیولر ڈیزائن سمیت کافی پل کامیابی سے قائم کیے ہیں۔