سرینگر///
پولیس نے ایک شادی شدہ جوڑے کو گرفتار کیا ہے جس نے اعلیٰ سرکاری ملازمین کا روپ دھار کر لوگوں کو نوکریوں اور دیگر باتوں کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا۔
ملزمان کی شناخت منموہن گنجوولد گردھاری لال گنجو اور آیوش کول گنجو‘ساکنہ باغات سرینگر کے طور پر کی گئی ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ جوڑے نے ’’نوکریوں/تبادلوں اور دیگر مراعات کا وعدہ کر کے کئی لوگوں کو لاکھوں روپے کا دھوکہ دیا ہے‘‘۔
اہلکار نے کہا منموہن گنجو ایک معطل پولیس اہلکار ہیں۔ اس کی تحویل سے لیپ ٹاپ، موبائل جن میں بہت سے جعلی ٹرانسفر اور اپوائنٹمنٹ آرڈرز شامل ہیں جن میں اس کا اپنا آئی پی ایس میں شامل کرنے کا آرڈر بھی شامل ہے۔ دھوکہ دہی سے نقدی، زیورات اور دیگر مجرمانہ سامان بھی اس کے گھر سے برآمد ہوا ۔
اہلکار نے مزید کہا’’اب تک تین متاثرین سامنے آچکے ہیں اور اس جوڑے کے ذریعہ دھوکہ دہی کی اطلاع دی گئی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ ایسے دھوکے بازوں کا شکار نہ ہوں۔ متاثرین کو رپورٹ کرنا چاہیے، اگر وہ اس ’کون مین جوڑے‘ کے ذریعے دھوکہ کھا گئے ہیں۔‘‘