جموں//
پاکستان سے ملک میں دراندازی کرنے والے جیش محمد کے دو خودکش حملہ آوروں کا حال ہی میں پتہ لگانے اور مارے جانے کے بعد، بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) نے جموں میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ سرحد پار سرنگوں کا پتہ لگانے کیلئے ایک بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔
بی ایس ایف نے کہا کہ وہ دشمن قوتوں اور ملک دشمن عناصر کی طرف سے لاحق خطرے سے باخبرہے اور سرحدوں اور ملک کے لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلئے سخت نگرانی کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
۲۲؍اپریل کو جموں کے مضافات میں سنجوان علاقے میں سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس پر حملہ کرنے اور ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو ہلاک کرنے کے بعد دو بھاری ہتھیاروں سے لیس جیش محمدکے دہشت گرد، جو خودکش جیکٹ پہنے ہوئے تھے، سیکورٹی فورسز کے ذریعہ ایک شدید گولی باری میں مارے گئے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے طے شدہ دورے سے دو دن قبل سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان گولی باری میں دو پولیس اہلکاروں سمیت نو سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
اس کے بعد کی تحقیقات کے نتیجے میں ایک ٹرک ڈرائیور اور اس کے مددگار سمیت تین سازش کاروں کی گرفتاری عمل میں آئی، جنہوں نے انکاؤنٹر سے ایک دن پہلے آدھی رات کو سانبہ ضلع کے ساپوال سرحد سے پشتو بولنے والے دہشت گردوں کو جموں پہنچایا تھا۔
حکام کے مطابق، گرفتار ملزموں میں سے ایک نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ اس نے اس سال کے شروع میں آئی بی سے چار دہشت گردوں کے ایک گروپ کو بھی کشمیر لے جایا تھا، جس سے سیکورٹی اداروں میں خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے۔
بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ تیز رفتار کارروائیوں کے دوران سرحدی باڑ میں کوئی خلاف ورزی نہیں دیکھی گئی جس میں فوجیوں کو پچھلے پانچ دنوں کے دوران آئی بی کے ساتھ ساتھ زیر زمین سرحد پار سرنگوں کی تلاش میں بھی دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف آئی بی اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے تقریباً ۱۹۲ کلومیٹر تک فوج کے ساتھ مل کر نگرانی کر رہی ہے اور سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی، ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ اور ڈرون سرگرمیوں کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کر رہی ہے۔
بی ایس ایف کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا’’آئی بی کے ساتھ اینٹی ٹنل ڈرائیوز دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ایک باقاعدہ خصوصیت ہے۔ یہ مہم فی الحال جموں سیکٹر میں آئی بی کے ساتھ سرحدی باڑ کے ۴۰۰ میٹر کے اندر چل رہی ہے‘‘۔
پچھلے سال، فورس نے کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے پار دو سرنگوں کا پتہ لگایا، جس سے جموں سیکٹر میں پچھلی ایک دہائی میں اس طرح کے ڈھانچے کا کھوج لگانے والوں کی کل تعداد۱۰ ہوگئی۔
افسر نے کہا’’دشمن قوتوں اور ملک دشمن عناصر کی طرف سے دہشت گردوں کو دھکیلنے اور ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ کی مسلسل کوششوں کے پیش نظر بی ایس ایف سرحد پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کی طرف سے ڈرون کے استعمال سے لاحق خطرے کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے‘‘۔
جاری آپریشن کے دوران بین الاقوامی سرحد کا دورہ کرنے والے میڈیا والوں سے بات چیت کرتے ہوئے، ایک اور بی ایس ایف افسر نے کہا کہ وہ پورے علاقے کو دستی طور پر چیک کر رہے ہیں اور کسی بھی خطرے کو ختم کرنے کیلئے جدید ترین آلات کا استعمال بھی کر رہے ہیں۔’’جہاں بھی ہمیں کوئی شک ہے، علاقے کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور چوبیس گھنٹے چوکسی رکھی جاتی ہے۔ بی ایس ایف بھی خصوصی آلات کے ساتھ علاقے میں گشت کر رہی ہے جو چھوٹے جانوروں کی ہلکی سی حرکت کا بھی پتہ لگاتا ہے‘‘۔
پچھلے کچھ دنوں سے جموں میں پارہ ۴۰ ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کے بیچ افسر نے کہا’’ہمارے لیے چلچلاتی گرمی، شدید سردی اور برسات کے موسم میں اپنے فرائض انجام دینا ایک معمول ہے۔ ہمیں اس کیلئے تربیت دی گئی ہے اور ہم اپنی قوم اور اہل وطن کو محفوظ رکھنے کیلئے یہ معمول کے مطابق کرتے ہیں۔
یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ جموں میں حالیہ انکاؤنٹر کے بعد آئی بی کے ساتھ تلاشی اور چوکسی تیز کردی گئی ہے، ایک اور جوان نے کہا’’وہ ہمیشہ پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ پچھلے کچھ دنوں میں، تیز کارروائیوں کی وجہ سے ڈیوٹی کے اوقات میں اضافہ ہوا ہے‘‘۔
بی ایس ایف کے اہلکاروں کو سرحدی باڑ کے ساتھ علاقے میں گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا اور ممکنہ زیر زمین سرنگ کیلئے جنگلی گھاس اور جھاڑیوں کو چیک کرنے کیلئے لوہے کی سلاخوں کا استعمال بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا’’سرنگ مخالف مہم سرحدی باڑ سے۴۰۰ میٹر تک جاری ہے۔ ماضی میں پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کو دھکیلنے کے لیے سرنگیں کھودی جاتی رہی ہیں۔ ہم خطرے سے باخبر ہیں اور سرنگوں کے خلاف آپریشن ہمارے فرض کا حصہ ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ وہ سرحدوں کو محفوظ رکھنے اور دراندازی نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔’’ اگر سرحدیں محفوظ ہیں تو ہمارے ہم وطن بھی محفوظ ہے۔‘‘
قلت آب کا اندیشہ:شمالی ضلع بارہمولہ کے درجنوں دیہات کو دھان کی فصل کاشت نہ کرنے کی ایڈوائزری
سرینگر//
وادی کشمیر میں موسم سرما کے دوران کم برف باری ہونے اور بعد ازاں بارشیں نہ ہونے اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونے کے منفی نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔
وادی میں آنے والے ایام میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے کے خدشات کے پیش نظر شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے درجنوں دیہات کے کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سال دھان کی فصل کاشت کرنے سے اجتناب کریں۔
ایگزیکٹیو انجینئر اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول ڈویژن بارہمولہ کے دفتر کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں ضلع کے زائد از پانچ درجن دیہات کے کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس سال دھان کی فصل کاشت نہ کریں اس کے برعکس متبادل فصل کاشت کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے’’کیونکہ اس(موجودہ) صورت میں محکمہ بروقت آبپاشی کیلئے پانی دینے کی حالت میں نہیں ہے ‘‘۔
مذکورہ محکمے کی طرف سے جاری اس ایڈوئزری میں کہا گیا ہے کہ سال رواں کے موسم سرما میں کافی کم برف باری ہوئی ہے اور اس کے علاوہ درجہ حرارت میں کافی زیادہ اضافہ درج ہونے کی وجہ سے جمع شدہ برف تیزی سے پگھل رہی ہے ۔
ایڈوائزری میں کہا گیا’’برف کا پگھلنا اس بات کی علامت ہے کہ سال رواں میں پانی کی سطح کافی کم ہوسکتی ہے جس سے آبپاشی سیزن میں کافی مشکل ہوسکتا ہے ‘‘۔
بتادیں کہ ماہرین موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ موسم سرما میں کم برف باری اور بعد ازاں بارشیں نہ ہونے سے وادی میں پانی کی قلت کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے جس سے کسانوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
ماہرین کے مطابق جموں وکشمیر میں امسال ماہ مارچ میں بارش کی۸۰فیصد کمی درج ہوئی ہے ۔
دارلحکومت سرینگر میں ماہ مارچ میں مجموعی طور پر۳ء۲۱بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول کے مطابق۶ء۱۱۷ملی میٹر ریکارڈ ہونی چاہئے تھی۔