سرینگر//
منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے جمعرات کے روز پانچ بد نام زمانہ منشیات فروشوں کو کورٹ بلوال جیل منتقل کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے منشیات فروش جن کی شناخت گلزار احمد گنائی ولد محرم حبیب اللہ گنائی ساکن چھانہ ہامہ رفیع آبا د بارہمولہ ، غلام محی الدین ڈار ولد عبدالحد ساکن لڈورا رفیع آباد بارہمولہ ، وحید سلطان گنائی عرف راجا ڈان ولد محمد سلطان ساکن شر پورہ پٹن، اعجاز احمد گوجری عرف اعجاز مغل ولد نور الدین گوجری ساکن ملہ پورہ پٹن اور عتیق اللہ لون ولد اکبر لون ساکن تجر شریف سوپورکے بطور ہوئی ہے ‘کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مجاز اتھارٹی کی سفارش پر جیل منتقل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ مذکورہ منشیات اسمگلروں کے خلاف پہلے ہی کئی مقدمات درج ہیں اور وہ رفیع آباد ، لڈورا ، چاکلو ، بنر ، جانباز پورہ، شیر پورہ پٹن، ملہ پور ہ پٹن اور ضلع بارہ مولہ کے دیگر علاقوں میں مقامی نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کرنے میں پیش پیش تھے ۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بہت سارے کیسوں میں ملوث ہونے کے باوجود بھی منشیات فروشوں نے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں جس کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا ناگزیر بن گیا تھا۔
دریں اثنا پولیس نے بارہمولہ میں دو الگ الگ مقامات پر ناکہ چیکنگ کے دوران۲منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے ایس ڈی پی او پٹن محمد نواز کی نگرانی میں پلہالن موڑ پر چیکنگ کے دوران ایک منشایت فروش کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ پلہالن کی طرف آرہے اس منشیات فروش نے گرچہ پولیس ناکہ کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت مدثر احمد وانی ولد منظور احمد وانی ساکن رائے پورہ پلہالن کے بطور ہوئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے۱۴۵گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
منشیات کے خلاف ایک اور کارروائی کے دوران بارہمولہ پولیس کی ایک ٹیم نے ڈی ایس پی ہیڈکواٹرز الطاف احمد کی نگرانی میں زنڈ فرن شیری میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ منشیات فروش علاقے میں گھوم رہا تھا اور پولیس کو دیکھتے ہی اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت وسیم احمد شیخ ولد عبدالمجید شیخ ساکن ہیون کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے۵۶سپاسمو پراکسیون کیسپول بر آمد کئے گئے جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن شیری اور پولیس اسٹیشن پٹن میں مقدمے درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔