سرینگر//
پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں چوری کے ایک معاملے کو حل کرکے دو ملزموں کو گرفتار کرکے مسروقہ زیوارت بر آمد کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن کنزر کو۳۱جولائی۲۰۲۳کو عبدا لرزاق ساکن گونی پورہ کنزر کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ ۳۰؍اور۳۱جولائی کی درمیانی شب کچھ نامعلوم چور اس کے گھر میں گھس گئے اور زیورات اڑا لے گئے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران تکنیکی اور انسانی وسائل کی مدد سے کچھ مشتبہ افراد کے نام سامنے آگئے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اس دوران دو مشتبہ افراد بلال احمد اور احسان جیلانی وانی ساکنان گونی پورہ کنزر کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دوران تفتیش دونوں نے یہ کام سر انجام دینے کا اعتراف کیا اور ان کے انکشاف پر مسروقہ زیورات بر آمد کئے گئے ۔