سرینگر//
جموںکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حزب اختلاف کے وفد کے رکن کی حیثیت سے صدر جمہوریہ ہند محترمہ دوپدی مرمو سے ملاقات کی اور منی پور اور ہریانہ میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ڈاکٹرفاروق نے ریلوے پولیس اہلکار کی طرف سے چن چن کر اپنے افسر سمیت ۴؍افراد کو ہلاک کرنے اور نوح ہریانہ میں امام مسجد کی بہیمانہ ہلاکت اور مسجد کو نذر آتش کرنے کے سنگین معاملوں کو حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان واقعات کے اغراض و مقاصد اور حقائق سے عوام کو واقف کرانا انتہائی ضروری ہے ۔
این سی صدر نے صدرِ ہند سے کہا کہ منی پور اور ہریانہ جیسے واقعات ملک کے اتحاد کو ختم کر دے گا اور ایسے واقعات ملک کی تباہی اور بربادی کا سبب بن سکتے ہیں ۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ آئین ہند کے تحت ملک کے سبھی باشندوں کو اظہارِ رائے کیساتھ ساتھ اپنی اپنی مذہبی آزادی کا حق ہونا چاہئے اور سبھی طبقوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیساتھ یکساں سلوک روا رکھا جانا چاہئے ۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے صدرِ ہند سے اپیل کی کہ منی پورہ اور ہریانہ میں مذہبی فسادات پھیلانے والوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے ۔