نئی دہلی// ملک کی موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی صورت حال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن انتخاب عالم نے کہا کہ اس بدترین صورت حال کے پیش نظر آج کانگریس کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اندر اور باہر بیٹھے لوگوں کا غلط بیانیہ (غلط نظریہ کی تشہیر) لگاتار جاری ہے، جس کی وجہ سے وہ سماج میں کانگریس کے تئیں نفرت اوردہشت پھیلانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج بھی کانگریس ‘مکت بھارت’ کا نعرہ لگانے میں مصروف ہیں اور وہ جہاں بھی موقع ملتا ہے کانگریس کی برائی کرتے نہیں تھکتے اور تمام خرابیوں کے لئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ صرف کانگریس ہی بی جے پی کی جگہ لے سکتی ہے۔
مسٹر عالم نے کہا کہ کانگریس اتنی بڑی اور پرانی سیاسی پارٹی ہے جس نے ہندوستان اور عالمی سطح پر ہندوستان کی مثبت شبیہہ بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ جلد ہی کانگریس صدر محترمہ سونیا گاندھی جی کو ایک خط لکھیں گے تاکہ حکومت کے بیانیے پر حملہ کرنے کے لیے ہر ریاست/ضلع/بلاک اور وارڈ کی سطح پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے، جو حکومت پر مسلسل نظر رکھے گی اور اس کی نگرانی کرے گی۔ ہمارے کارکنوں کی فوج کو 24 گھنٹے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اسی وقت ملک کا آئین محفوظ رہے گا۔