نئی دہلی/۲ اگست
سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے بدھ کو سپریم کورٹ کی آئینی بنچ کے سامنے کہا کہ جموں و کشمیر کا ہندوستان میں انضمام ”ناقابل اعتراض تھا، ناقابل اعتراض ہے اور ہمیشہ غیر متنازعہ رہے گا“۔
سبل نے کہا”شروع کرنے سے پہلے، میں ایک بیان دینا چاہتا ہوں، ہم اس بنیاد پر واضح کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر کا ہندوستان میں انضمام ناقابل اعتراض تھا، ناقابل اعتراض ہے اور ہمیشہ غیر متنازعہ رہے گا۔
2019 کے صدارتی حکم نامے نے سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو دی گئی خصوصی حیثیت کو چھین لیا اور اسے دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا۔
دفعہ370کی منسوخی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے دوران سبل نے کہا”ریاست جموں و کشمیر بدستور ہندوستان کا حصہ ہے۔ کوئی بھی اس سے اختلاف نہیں کرتا، کسی نے کبھی اس پر اختلاف نہیں کیا۔ جموں و کشمیر ہندوستانی یونین کی اکائی ہے۔“
سینئر وکیل کپل سبل نے دفعہ 370 کی سماعت کو "تاریخی” قرار دیا اور جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کی درستگی پر سوال اٹھایا جس نے سابقہ ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا۔
سبل کاکہنا تھا”یہ کئی طریقوں سے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ یہ عدالت اس بات کا تجزیہ کرے گی کہ 6 اگست 2019 کو تاریخ کیوں اچھال دی گئی اور کیا پارلیمنٹ نے جو طریقہ کار اپنایا وہ جمہوریت سے مطابقت رکھتا تھا؟ کیا اس انداز میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی مرضی کو خاموش کیا جا سکتا ہے؟“
انہوں نے استدلال کیا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو مرکزی حکومت کے "ڈکٹیٹ” کے ذریعہ حکومت کی نمائندہ شکل سے انکار نہیں کیا جاسکتا جو "ہمارے آئین سے متصادم” ہے۔
"یہ تاریخی ہے کیونکہ اس عدالت کو اس کیس کی سماعت کرنے میں 5 سال لگے ہیں اور 5 سالوں سے ریاست جموں و کشمیر میں کوئی نمائندہ حکومت نہیں ہے،” انہوں نے مزید کہا۔
سبل نے جموں و کشمیر میں ایمرجنسی کے نفاذ پر سوال اٹھایا اور کہا کہ آئینی بنچ کو آئین کے آرٹیکل 356 کی تشریح کرنی ہوگی، جو ”جمہوریت کی بحالی“ کی کوشش کرتی ہے اور اس آرٹیکل کے ذریعے ”جمہوریت (جموں و کشمیر میں) کو کس طرح ختم کیا گیا“۔