جموں//
حکومت نے پیر کو اپنے تمام ملازمین کو ۱۵؍گست کی تقریب میں شرکت کا حکم دیاہے۔
ایک سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے’’یوم آزادی ایک اہم قومی تقریب ہے جو ہر سال۱۵؍اگست کو منائی جاتی ہے۔ تمام سرکاری ملازمین کا فرض ہے کہ وہ ہماری قوم کی تاریخ کے ایک اہم موڑ کی یاد منانے میں حصہ لیں ‘‘۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے’’اس لیے سری نگر/جموں میں تعینات مرکزی زیر انتظام علاقے کے تمام افسران/ اہلکاروں کو ان کی سرکاری ڈیوٹی کے ایک حصے کے طور پر بالترتیب جموں و کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم، سوناور، سری نگر/مولانا آزاد اسٹیڈیم، جموں میں جشن آزادی۲۰۲۳ کی مرکزی تقریب میں شرکت کرنے کا حکم دیا گیا ہے‘‘۔
’’کسی بھی غیر حاضری کو صرف ان کے فوری اعلیٰ کی پیشگی اجازت کے ساتھ ہی جائز ہوگا‘‘۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے’’تمام انتظامی سیکرٹریوں، محکموں کے سربراہان، پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز کے منیجنگ ڈائریکٹرز/چیف ایگزیکٹوز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے اور سری نگر/جموں میں تعینات تمام افسران/ اہلکار اس تقریب میں شرکت کریں۔‘‘
اس سے پہلے جموں کشمیر انتظامیہ نے تمام سرکاری ملازمین کو ہدایت دی کہ یوم آزادی کے روز وہ اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر ترنگا، مٹی اور دیا کے ساتھ تصویریں اپلوڈ کریں۔
جموں کشمیر انتظامیہ کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر سیکرٹری ارون کمار مہتا نے تمام محکمات کے اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کی ہے جس میں ان کو ہدایات دی گئی ہے کہ متعلقہ محکمات کے ملازمین کو یہ ہدایت دی جائے۔
ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یوم آزادی پر چھٹی نہ لے اور یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کرکے قومیت و حب وطنی کا اظہار کرے۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یونین ٹریٹری میں تمام سرکاری عمارتوں، پنچایت گھروں وغیرہ پر ترنگا لہرائے۔
افسران و ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری عمارتوں کے علاوہ اپنے گھروں پر بھی ترنگا لہرائے اور قومی پرچم، مٹی اور دیا(مٹی کے چراغ) کے ساتھ سیلفی لیکر سوشل میڈیا ہیندلز پر تصویر شیئر کرے۔
وہیں پنچایتی و بلدیاتی ارکان سے بھی کہا گیا ہے کہ پنچایت اور میونسپلٹی میں یوم آزادی کی تقریبات جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے۔