ممبئی// مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے بلدھانا ضلع میں ملکاپور-دھولے قومی شاہراہ-6 پر ملکاپور کے قریب ہفتہ کی صبح دو نجی بسوں کے درمیان تصادم میں چھ عقیدتمندوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا، حادثے میں دیگر 19 افراد زخمی ہوگئے ۔
وزیر اعلیٰ نے بلڈھانہ کے ضلع کلکٹر سے حادثے کے بارے میں جانکاری لی ہے اور انہیں چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس حادثے میں ہنگولی ضلع کے چھ عیقدتمندوں کی موت ہو گئی اور 19 مسافر زخمی ہو گئے ۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو سرکاری خرچ پر مناسب طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ٹویٹ کیا، ‘‘ہفتہ کو دو پرائیویٹ بسوں کا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ ہم ان لوگوں کے ساتھ دلی تعزیت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنی جانیں گنوائیں۔
قابل ذکرہے کہ یہ حادثہ مہاراشٹر کے ملکاپور-دھولے قومی شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب اپنے گاؤں لوٹ رہے عقیدتمندوں کی بس ناگپور سے ناسک جانے والی دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ اس میں پانچ عقیدت مندوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور ایک عقیدت مند اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔