سرینگر//
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) سرینگر کے ڈائریکٹر پروفیسر سدھاکر یدلا نے جمعہ کو اعلان کیا کہ انسٹی ٹیوٹ قومی تعلیمی پالیسی۲۰۲۰(این ای پی۲۰۲۰) کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے میں سب سے آگے ہے۔
این ای پی۲۰۲۰کی تیسری سالگرہ اور کیمپس کے نصاب میں اس کے نفاذ کے موقع پر سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ڈائریکٹر نے کہا این آئی ٹی نے گزشتہ تین سالوں میں این ای پی۲۰۲۰ کو پورے دل سے قبول کیا، دو اہم پہلوؤں ’’نصاب‘‘ اور ’’گورننس‘‘ اصلاحات پر بھرپور توجہ کے ساتھ اس کے اصولوں کو مو ثر طریقے سے نافذ کیا۔
ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ نئی تعلیمی پالیسی پورے تعلیمی نظام کی ایک جامع تبدیلی کا تصور کرتی ہے، جس میں اس کے ضابطے اور نظم و نسق شامل ہیں، جس کا حتمی مقصد ایک ایسا فریم ورک قائم کرنا ہے جو طلباء کو جامع اور زندگی بھر سیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
پروفیسر یدلا نے کہا کہ این آئی ٹی سرینگر میں تعلیم ’’سیکھنے پر مرکوز‘‘ نقطہ نظر کی طرف منتقل ہو گئی ہے۔ اس تبدیلی کے ایک حصے کے طور پر، تمام بی ٹیک پروگرام از سر نو تشکیل دئے گئے ہیں، جو کہ۲۰۲۳ سے نافذ العمل ہیں، اور کریڈٹ سسٹم کو معقول بنایا گیا ہے، جس سے بی ٹیک کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے درکار کریڈٹس کی کم از کم تعداد کو کم کر کے۱۶۰کر دیا گیا ہے۔ اس دانستہ ایڈجسٹمنٹ کا مقصد طلبا کو تجرباتی تعلیم کے لیے کافی گنجائش اور ان کی تعلیمی ترقی کا ایک قیمتی موقع فراہم کرنا ہے۔
ڈائریکٹر نے فخر کے ساتھ اعلان کیا کہ این آئی ٹی سرینگر نے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ دونوں سطحوں پر کثیر داخلے اور کثیر خارجی نظام کے نفاذ کا آغاز کیا ہے۔
پروفسیر یدلا نے کہا، ’’ہمیں ملک بھر میں اس نظام کو متعارف کرانے کے لیے اہم اداروں میں سے ایک ہونے پر بہت فخر ہے۔‘‘
ایک آئی ٹی ڈائریکٹر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ این آئی ٹی سرینگر نے کامیابی کے ساتھ نیشنل اکیڈمک ڈپازٹری (این اے ڈی)، جس میں۲۰۲۲بیچ کے طلباء پہلے ہی اے بی سی پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں، کے اندر اکیڈمک بینک آف کریڈٹس (اے بی سی) کا آغاز کیا ہے۔
پروفیسر یدلا نے بتایا کہ ان کی آئی ڈی تیار کر لی گئی ہیں، اور۲۰۱۸؍اور۲۰۱۹کے بی ٹیک پاس آؤٹ بیچوں کے اسناد کامیابی کے ساتھ این اے ڈی پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔
این آئی ٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ وادی کی ترقی میں مزید اشتراک کی کوشش میں، این آئی ٹی سرینگر نئے اقدامات جیسے جموں و کشمیر کی ترقی کی رپورٹ اور جموں و کشمیر کی ماحولیاتی صورتحال کی رپورٹ کا تصور کر رہا ہے۔
پروفیسر یدلا نے مزید کہا کہ این آئی ٹی سرینگر طلباء کی مجموعی ترقی کو بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے، سماجی اور ماحولیاتی طور پر باشعور شہریوں کے طور پر ان کی ذمہ داری کے احساس کو پروان چڑھاتے ہوئے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا بہترین حل پیش کرنا ہے۔