سرینگر //
چیف سیکریٹری ‘ڈاکٹر ارون مہتا نے پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ افطار اور سحری کے اوقات اور مقدس ایام میں بجلی کی مناسب فراہمی کیلئے فوری اقدامات کریں۔
ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج یہاں سول سیکریٹریٹ میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور جل شکتی محکمہ کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں بجلی اور پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شروع میں چیف سیکریٹری کو جموں کشمیر میں بجلی کی صورتحال اور پاور سیکٹر میں کمی کی وجوہات کے بارے میں بتایا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت پورے ملک میں بجلی کے مسائل درپیش ہیں ۔
ڈاکٹر مہتا نے پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ افطار اور سحری کے اوقات اور مقدس ایام میں بجلی کی مناسب فراہمی کیلئے فوری اقدامات کریں ۔ اس کے بعد انہوں نے لوگوں تک پہنچنے اور بجلی کی فراہمی میں کمی کی وجوہات بتانے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ حقایق پر مبنی پوزیشن دی جائے تو لوگ سمجھ جائیں گے اور کہا کہ صارفین کو پرنٹ ساور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔
چیف سیکریٹری نے پی ڈی ڈی افسران کو ہدایت دی کہ وہ بندش کی وجوہات اور محکمہ کی طرف سے کی گئی کارروائیوں کی وضاحت کرتے ہوئے بیانات جاری کریں اور اسے سوشل میڈیا اور محکمہ اطلاعات کے ساتھ شیئر کیا جائے ۔
ڈاکٹر مہتا نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) سے مزید کہا کہ وہ دیہی علاقوں میں میٹروں کی تنصیب کو تیز کرے اور افسران ایک ہفتے کے اندر کارروائی کی رپورٹ پیش کریں ۔
چیف سیکریٹری نے پی ڈی ڈی اور جل شکتی محکموں کو مزید ہدایت دی کہ وہ مربوط انداز میں کام کریں تا کہ بندش کی وجہ سے پانی کی سپلائی متاثر نہ ہو کیونکہ جل شکتی اسکیمیں بجلی پر منحصر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ای کیلئے وقف فیڈرز کو اچھی طرح سے برقرار رکھا جائے تا کہ ضروری خدمات کو نقصان نہ پہنچے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو پانی کی مناسب فراہمی کو برقرار رکھیں اور عوام کو درپیش مسائل پر فوری ایکشن لیں ۔