لندن// ہندوستان کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے نو منتخب منیجنگ ڈائریکٹر رابکی کو ایک اہم مشورہ دیا ہے۔ شاستری نے کہا کہ اس عہدے پر کام کرنے کے لیے راب کو اپنی جلد کو موٹا کرنا ہوگا، تاکہ حسد کرنے والے جلتے ہی رہیں۔
دی گارڈین سے بات کرتے ہوئے، شاستری نے کہا کہ ان کے دور میں ہندوستان میں حسد کرنے والا ایک ‘گینگ’ تھا جو ہمیشہ چاہتا تھا کہ وہ ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا، "ٹیم انڈیا کا کوچ بننے سے پہلے، میرے پاس لیول-1، لیول-2 کا کوئی کوچنگ بیج نہیں تھا۔ کچھ لوگ ہمیشہ سے یہ چاہتے تھے کہ میں بطور کوچ ناکام ہو جاؤں، لیکن میری جلد ڈیوک بال سےبھی زیادہ موٹی ہے، اس لیے مجھے کوئی فرق نہیں پڑا۔ راب کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا۔ انہیں کینٹ سے کپتانی کا طویل تجربہ ہے اس لیے مجھے امید ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کا بہتر ماحول تیار رکھیں گے۔”
یہ بات قابل ذکر ہے کہ راب بھی شاستری کی طرح کمنٹیٹر رہ چکے ہیں۔ شاستری نے یہ بھی کہا کہ راب کو انگلینڈ کرکٹ کو بہتر کرنے کے لیے سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ سے بات کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘روٹ کے ساتھ انگلش کرکٹ کی خامیوں کو سمجھنے کے لیے راب کو ضرور طویل بات کرنی چاہیے، اس کے علاوہ راب کا کمنٹری کا تجربہ بھی بہت کارآمد ثابت ہوگا کیونکہ ایک کمنٹیٹر کے طور پر وہ انگلینڈ کی کرکٹ کو بہت قریب سے دیکھتے آئے ہیں۔’
شاستری نے یہ بھی کہا کہ بین اسٹوکس کو انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کا اگلا کپتان مقرر کیا جانا چاہیے۔ شاستری نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کو بیرون ملک ٹیسٹ سیریز جیتنے کا ہدف طے کرنا ہوگا اور کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا کرنا ہوگا کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کہیں بھی جیت سکتے ہیں۔
انہوں نے آسٹریلیا میں 2-1 سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا، "میں نے کھلاڑیوں سے کہا تھا کہ وہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو پوری جارحیت کے ساتھ جواب دیں، اگر وہ آپ کو ایک بار سلیج کرتے ہیں تو آپ انہیں تین بار کرو۔”، دو بار اپنی زبان میں اور ایک بار ان کی زبان میں۔